مہاراشٹر، کیرالا میں کورونا مریضوں میں کمی ، دہلی میں اضافہ

   

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر، کیرلہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عالمی وباکورونا وائرس (کووڈ۔19) کے سرگرم معاملوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ دہلی میں معاملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر، کیرلہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش سمیت ملک کے 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں کورونا وائرس کے سرگرم معاملوں میں کمی آئی ہے ۔ دوسری طرف راجدھانی دہلی، اترپردیش، راجستھان سمیت دیگرریاستوں میں کورونا وائرس کے سرگرم معاملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے سرگرم معاملے 479 کم ہوکر 80728 رہ گئے ہیں۔ کیرلہ میں سرگرم معاملے 1164 کم ہوکر 68352 رہ گئے ہیں جبکہ دہلی میں سرگرم معاملے 763 بڑھ کر 43221 ہوگئے ہیں۔مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 45,882 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور متاثروں کی تعداد تقریبا90.04 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 84.28 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ، جبکہ 584 اور مریضوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,32,162 ہوگئی ہے ۔ملک میں کورونا کے سرگرم معاملوں کی تعداد میں 491 کے اضافے سے یہ اب 4,43,794 ہوگئی ہے ۔