مہاراشٹرامیں انکم ٹیکس کے چھاپے ،غیر اعلانیہ لین دین کا انکشاف

   

نئی دہلی: محکمہ انکم ٹیکس نے مہاراشٹرا کے دو کاروباری گروپوں کے ناندوربار، دھلے اور ناسک واقع ٹھکانوں پرچھاپے مارکر 5کروڑروپے سے زیادہ کی نقدی اور5کروڑ روپے مالیت کے زیورات ضبط کیے ہیں وہیں 200کروڑ روپے کے غیراعلانیہ لین دین کا انکشاف ہوا ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چھاپوں میں ان فرموں کے یہاں تعمیراتی کام کے ٹھیکوں اور زمینوں کی خریدوفروخت اور قرضوں کے کل 200کروڑ روپے کے غیر اعلانیہ لین دین کے کاغذات، دستاویزی اور ڈیجیٹل ثبوت ملے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ 22دسمبر کو مہاراشٹرا کے ناندربار اور دھلے اضلاع میں دو کاروباری گھرانوں کے 25مقامات پر چھاپے اور تلاشی کی یہ کارروائی کی گئی۔ ان میں سے ایک گروپ تعمیراتی کام اور دوسرا زمین وجائیداد کے کاروبار سے وابستہ ہے ۔ بیان کے مطابق ان میں سے ایک گروپ کی فرموں نے انکم ٹیکس اہل آمدنی کو بڑے پیمانے پر چھپانے کے ہتھکنڈے اختیارکئے ہیں۔ اس کے لیے خاندان کے افراد اور ملازمین کو ذیلی کنٹریکٹرز اور غیر تصدیق شدہ قرض دہندگان کو مشکوک ادائیگی جیسے طریقے اپنائے گئے ۔
تفتیشی افسران کو معلوم ہوا کہ یہ ذیلی ٹھیکے اہل خانہ اور ملازمین کو دیئے گئے ہیں۔ ان سے بغیر ریکارڈ کے نقد خرچ کے ثبوت بھی ملے ہیں۔ ان طریقوں سے تعمیراتی کام میں مصروف اس گروپ کی فرموں کی طرف سے 150 کروڑ روپے کی آمدنی چھپانے کا پتہ چلا ہے ۔