مہاراشٹرامیں ریزرویشن معاملہ پر آج کُل جماعتی اجلاس

   

جالنہ : مراٹھواڑہ خطہ کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں مراٹھا ریزرویشن کا مدعاگہرا ہونے کے درمیان وزیراعلیٰ ایکناتھ شنڈے نے اس مدعے کو حل کرنے کے لیے پیر کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ میٹنگ پیر یعنی 11 ستمبر کو ‘سہیادری گیسٹ ہاؤس’ میں ہوگی۔ اس سے پہلے 7 ستمبر کو شنڈے نے مراٹھوں کو ریزرویشن فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ریاستی حکومت نے مراٹھا ریزرویشن کارکن منوج جارانگے پاٹل سے جالنا ضلع میں اس مدے پر شروع کی گئی اپنی دس روزہ بھوک ہڑتال کوختم کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔ پاٹل نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ انہوں نے آج سے پانی پینا اور ادویات بند کرنے کی دھمکی دی ہے اور انتروالی سرتی گاؤں میں مراٹھا کارکنوں کے خلاف لاٹھی چارج میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔مراٹھا کارکنوں نے پاٹل کی تحریک کی حمایت میں احتجاج، ریلیاں اور بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے ۔ مراٹھواڑہ خطہ کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی بھوک ہڑتال جاری ہے ۔کانگریس، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے ) اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) سمیت اپوزیشن جماعتیں بھی ریزرویشن کے معاملے پر ریاستی حکومت کو گھیر رہی ہیں جو ریاستی حکومت پر بھاری پڑ رہا ہے ۔دریں اثنا، او بی سی اور کنبی انجمنیں مراٹھوں کو کنبی سرٹیفکیٹ اور درجہ دینے کی سخت مخالفت کر رہی ہیں۔