عید الاضحی کے معاملے میں پچھلی بار کی طرح اس بار بھی مہاراشٹرکی سیاست ایک بار پھر گرماگئی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے ابو اعظمی جو وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کی سربراہی میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں شامل ہیں ، نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلی سے بقرعید کے تعلق سے بار بار گائیڈ لائن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن وزیر اعلی نہ تو اپنا فون اٹھا رہے ہیں اور نہ ہی ہمارے مطالبے پر کوئی جواب دے رہے ہیں۔وزیر اعلی پر الزام لگاتے ہوئے ابو اعظمی نے کہا کہ ، “میں نے کئی بار ادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے کو فون کیا ہے ، پیغامات بھیجے ہیں۔ یہ بھی کہا ہے کہ وہ جلد ہی بقرعید کے لئے گائیڈلائن جارج کریں لیکن وزیر اعلی نہ تو ہمارا فون اٹھاتے ہیں اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کوئی جواب آرہا ہے۔ ابو اعظمی نے مزید کہا کہ میں اس تعلق سے شرد پوارسے شکایت کروں گا۔ ابو اعظمی نے مطالبہ کیا کہ جیسے ہی مہاراشٹر حکومت نے ہدایت نامے جاری کرتے ہوئے گنپتی تہوار کی اجازت دے دی تھی اسی طرح بقر عید کے لئے بھی اجازت دی جائے۔