ممبئی :مہاراشٹرا میں بی جے پی قیادت میں نئی حکومت تشکیل دے دی گئی ہے۔ اس کے باوجود ریاست میں سیاسی ہلچل کم ہونے کانام نہیں لے رہی ہے۔ ایسے ماحول میں جب کہ اسمبلی اسپیکر عہدہ پر تقرری کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں اور این ڈی اے کی طرف سے بی جے پی رکن اسمبلی راہول نارویکر کو امیدوار بنایا گیا ہے، ’ایم وی اے‘ یعنی مہا وکاس اگھاڑی کے ایک فیصلہ نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم وی اے نے شیوسینا رکن اسمبلی راجن سالوی کو میدان میں اتارا ہے۔ انھوں نے اپنا پرچہ نامزدگی بھی داخل کر دیا ہے۔ اب ان دونوں کے درمیان اسمبلی اسپیکر عہدہ کے لیے انتخاب 3 جولائی یعنی اتوار کو ہوگا۔ اس انتخاب میں یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ مہاراشٹرا اسمبلی میں ایم وی اے اور این ڈی اے میں کون کتنا مضبوط ہے۔اس درمیان ایم وی اے نے اسمبلی اسپیکر کے انتخاب کو لے کر بھی سوال کھڑے کیے ہیں۔ ایم وی اے لیڈران کا کہنا ہے کہ مسئلہ جب سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے تو اسمبلی اسپیکر کا انتخاب کیسے ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں لیجسلیچر کے پرنسپل سکریٹری کو خط لکھ کر شکایت کی گئی ہے۔