مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات ‘ بی جے پی کے 99 امیدواروں کا اعلان

,

   

ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فرنویس اور اشوک چاوان کی دختر بھی شامل ۔ تمام ارکان اسمبلی کو دوبارہ موقع

نئی دہلی: بی جے پی نے اتوار کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے 99 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ پارٹی نے ناگپور ساؤتھ ویسٹ سے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فرنویس کو اپنا امیدوار اور کامتھی سے پارٹی اسٹیٹ یونٹ کے صدر چندر شیکھر باونکولے کو میدان میں اتارا ہے۔بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ امیدواروں کی اس فہرست کو 16 اکتوبر کو پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں حتمی شکل دی گئی۔ 288 رکنی مہاراشٹر اسمبلی کیلئے ووٹنگ ایک مرحلے میں 20 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔پارٹی نے بلار پور سے ریاستی وزیر سدھیر منگنتیوار اور ناندیڑ ضلع کی بھوکر اسمبلی سیٹ سے سابق چیف منسٹر اور سینئر لیڈر اشوک چوان کی بیٹی سریجایا چوان کو ٹکٹ دیا ہے۔اس وقت مہاراشٹر میں مہایوتی مخلوط حکومت ہے جس کی قیادت ایکناتھ شنڈے کر رہے ہیں۔ حکمران اتحاد میں بی جے پی اور این سی پی ( اجیت پوار ) بھی شامل ہے ۔دوسری طرف اپوزیشن اتحاد مہا وکاس اگھاڑی ہے۔ اس میں ادھو ٹھاکرے کی زیر قیادت شیو سینا (یو بی ٹی)، کانگریس اور سینئر رہنما شرد پوار کی زیر قیادت نیشنلسٹ کانگریس شامل ہیں۔2019 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد مہاراشٹر کی سیاست مکمل طور پر بدل گئی ہے۔