ممبئی۔4جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) شردپوار کی قیادت میں قائم این سی پی کے ذرائع نے بتایا کہ این سی پی اور کانگریس کے درمیان مہاراشٹرا اسمبلی کے ستمبر ۔ اکٹوبر میں ہونے والے انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم پر رسمی بات چیت ریاست مہاراشٹرا کانگریس پارٹی کے صدر کے تقرر کے ساتھ شروع کی جائے گی ۔ فیصلہ این سی پی کے سربراہ شردپوار اور کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری برائے ریاست مہاراشٹرا ملکارجن کھرگے کی ایک ملاقات کے دوران کیا گیا ۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی ( ایم پی سی سی ) کے سابق صدر اشوک چوان نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ، تاہم کانگریس نے ابھی تک چوان کے جانشین کا انتخاب نہیں کیا ۔ مہاراشٹرا کے سابق ریاستی وزیر بالا صاحب تھوراٹ ریاستی کانگریس کے صدر کے عہدہ کے دعویداروں میں سرفہرست تصور کئے جارہے ہیں ۔ کانگریس اور این سی پی نے متحد ہوکر حالیہ لوک سبھا انتخابات میں دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر حصہ لیا تھا اور اب وہ ستمبر اور اکٹوبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی اتحاد کرنا چاہتی ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے داخلی ذرائع کے بموجب کانگریس کی مرکزی قیادت امید ہے کہ ایک یا دو دن میں ریاستی کانگریس کے صدر کے نام کا اعلان کرے گی ۔ اسمبلی انتخابات لڑنے کے خواہشمند امیدواروں سے این سی پی درخواستیں طلب کررہی ہے تاکہ جاریہ ماہ کے دوران مناسب امکانی امیدواروں کی فہرست تیار کرلی جاسکے ۔
مذکورہ ذریعہ نے بتایا کہ چہارشنبہ تک پارٹی کو ٹکٹ کے 150 خواہشمندوں کی ریاست مہاراشٹرا سے درخواستیں وصول ہوچکی تھیں ۔ یاد رہے کہ کانگریس اور این سی پی نے 15 سال تک مسلسل اقتدار میں شراکت داری کے بعد 2014ء میں الگ الگ اسمبلی انتخابات لڑے تھے ۔ کانگریس اور این سی پی نے علحدہ علحدہ 287 اور 278 سیٹوں پر بالترتیب مقابلہ کیا تھا جب کہ مہاراشٹرا اسمبلی کی نشستںو کی جملہ تعداد 288 ہے لیکن ان دونوں جماعتوں کو بالترتیب صرف 42 اور 41 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں ۔ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو ایک نشست پر اور این سی پی کو 4سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوسکی ۔