ممبئی: شندے فڑنویس حکومت کے ذریعہ پیش کردہ لوک آیکت بل بدھ کو مہاراشٹر کی قانون ساز اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ اس بل میں سینئر سماجی کارکن انا ہزارے کی تمام تجاویز کو شامل کیا گیا ہے۔ دیویندر فڈنویس نے ایوان کو بتایا کہ انا ہزارے نے مطالبہ کیا تھا کہ اس بل کو منظور کرتے وقت انہیں اعتماد میں لیا جائے۔ اس لیے حکومت نے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی میں انا ہزارے اور ان کے تجویز کردہ نمائندے شامل تھے۔بل کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے کئی اجلاس ہوئے۔ اس کمیٹی کی تجویز کردہ تمام تبدیلیوں کو قبول کرتے ہوئے بل کو شامل کیا گیا ہے۔ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ لوک پال ایکٹ کو نافذ کرنے کے بعد مرکزی حکومت نے توقع کی تھی کہ ملک کی ریاستیں اسی خطوط پر لوک آیکت ایکٹ نافذ کریں گی۔اس کے لیے سینٹر سماجی کارکن انا ہزارے نے انشن رکھا تھا۔ اس کے بعد انا ہزارے کو یقین دلایا گیا کہ ریاست میں لوک آیکت بل لایا جائے گا۔ آج انا ہزارے کی خواہش کے مطابق لوک آیکت بل پاس ہو گیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکہر باونکولے نے لوک آیکت بل کے اسمبلی میں منظور ہونے کے بعد خوشی کا اظہار کیا ہے۔