ممبئی ، 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسمبلی چناؤ میں جب معاملہ خواتین کو پارٹی ٹکٹس دینے کا آتا ہے تو مہاراشٹرا میں سیاسی جماعتوں کا ریکارڈ بہت خراب ہے۔ 2014ء کے ریاستی انتخابات میں مقابلہ کرنے والوں میں صرف 6.7 فیصد خواتین رہیں، جو 2009ء میں 5.2 فیصد سے قدرے بہتر رہا۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ رہے گا کہ آیا پارٹیاں 21 اکٹوبر کو مقررہ چناؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ خواتین کو ٹکٹس دیتی ہیں یا نہیں؟ 2014ء میں 4,119 امیدواروں میں سے صرف 277 ہی خواتین تھیں۔ 288 کامیاب امیدواروں میں 20 خواتین رہیں۔ مرد اور خاتون امیدوار دونوں میں کامیابی کا تناسب یکساں 0.14 فیصد رہا۔ شیوسینا نے 12 خواتین کو انتخابی میدان میں اتارا تھا جبکہ بی جے پی نے 20، کانگریس نے 27 اور این سی پی نے 18 خواتین کو ٹکٹس دیئے تھے۔