مہاراشٹرا الیکشن مہم میں جھوٹی تشہیر کا وزیراعظم و بی جے پی قائدین پر الزام

   

تلنگانہ حکومت انتخابی وعدوں پر عمل پیرا ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام سے کئے گئے 6 گیارنٹی کے علاوہ دیگر انتخابی وعدوں پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے بشمول بی جے پی کے قائدین اور این ڈی اے کے حلیف جماعتوں پر مہاراشٹرا کے انتخابی مہم میں جھوٹی مہم چلاتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ مہاراشٹرا میں کانگریس پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلانے پہنچنے والے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ممبئی میں کانگریس پارٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر ہماچل پردیش سکھ ویندر سنگھ، ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیوکمار کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی ، شنڈے شیوسینا اجیت پوار کی این سی پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے کرناٹک، تلنگانہ اور ہماچل پردیش کے عوام سے جو وعدے کئے ہیں، ان وعدوں پر تینوں ریاستوں میں عمل کیا جارہا ہے۔ بی جے پی، شنڈے، شیوسینا اور اجیت پوار این سی پی کے قائدین یا ان کے رشتہ دار یا پھر کوئی صحافی تلنگانہ پہنچ کر فلاحی اسکیمات اور اس پر عمل آوری کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ حکومت مکمل رپورٹ پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ جب تک وزیراعظم نریندر مودی جھوٹ بولنا نہیں چھوڑتے، اس وقت تک ہم صحیح بولتے رہیں گے۔ اس لئے میں مہاراشٹرا آیا ہوں اور تلنگانہ میں عمل ہونے والی 6 گیارنٹی کے بارے میں مہاراشٹرا کے عوام کو تفصیلات بتاؤں گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ مہاراشٹرا میں کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ مرکزی حکومت اور مہاراشٹرا کی این ڈی اے حکومت نے کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کیا ہے۔ سیاہ قوانین متعارف کراتے ہوئے کسانوں کے مفادات کو فراموش کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سیاہ قوانین نافذ کرتے ہوئے امبانی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک زرعی قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ وعدہ کے مطابق 25 دنوں کے دوران 22,22,067 کسانوں کے 17,869 کروڑ روپئے کا قرض معاف کیا گیا۔ اگر کسی کو تفصیلات چاہئے تو وہ دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ تلنگانہ کسانوں کے معاملے میں مودی کے جھوٹ کا یہ صحیح جواب ہے، جس کے بعد مودی نے اپنے ٹیوٹ کو ڈیلیٹ کردیا۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کے 10 ماہ میں 50 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ مہالکشمی اسکیم کے ذریعہ وعدے کے مطابق 500 روپئے میں پکوان گیس سربراہ کیا جارہا ہے۔ اس اسکیم سے 49 لاکھ خاندان استفادہ کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے غریب عوام کو 200 یونٹ تک مفت برقی دینے کا وعدہ کیا تھا، اس پر بھی کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ ( سلسلہ صفحہ 2 پر )