مہاراشٹرا الیکشن: 76 لاکھ ووٹوں پر آج سماعت

   

اورنگ آباد ، 17 اگست (یو این آئی) مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے جواز کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سپریم کورٹ پیر 18 اگست کو سماعت کرے گی جو ونچیت بہوجن اگھاڑی کے لیڈر پرکاش امبیڈکر نے دائر کی ہے ۔ اتوار کو وی بی اے کے ریاستی ترجمان طیب ظفر کے مطابق پٹیشن میں اس بات پر سنگین تشویش ظاہر کیا گیا ہے کہ 76 لاکھ ووٹ، جو پولنگ کی سرکاری ڈیڈ لائن شام 6 بجے کے بعد ڈالے گئے ان کا مکمل ریکارڈ الیکشن کمیشن نے محفوظ نہیں رکھا۔ یہ انتخابی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے ۔یہ معاملہ جون 2025 میں اس وقت سنگین رخ اختیار کر گیا تھا جب بامبے ہائی کورٹ نے پٹیشن مسترد کر دی تھی۔ تاہم پٹیشن میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ پولنگ کے باقاعدہ اختتام کے بعد ووٹر ٹرن آؤٹ میں غیر معمولی اضافہ ہوا جو 5 بجے 58.22 فیصد سے بڑھ کر رات 11:30 بجے تک 65.02 فیصد ہوگیا۔ اس شرح میں 7.83 فیصد اضافہ ہوا جس کا مطلب76 لاکھ ووٹ مزید ڈالے گئے ۔