مہاراشٹرا انتخابات کے پیش نظر ریاست میں چوکسی کے احکام

   

سرحدی علاقوں کے چیک پوسٹس پر سی سی کیمروں کی تنصیب: چیف سکریٹری ایس کے جوشی کی ہدایات
حیدرآباد۔17اکٹوبر(سیاست نیوز) پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں 21 اکٹوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے ریاست میں چوکسی اختیار کرنے کے احکامات جاری کئے جا چکے ہیں اور چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے علاوہ کرناٹک کی سرحدوں کی نگرانی کی ہدایت جاری کی۔ ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کہا کہ تلنگانہ سے انتخابی مواد کی منتقلی یا شراب‘ دولت اور دیگر اشیاء کی مہاراشٹرا منتقلی کو روکنے کے علاوہ پڑوسی ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے سلسلہ میں اپنا رول اداکرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری ڈاکٹر جوشی نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کے عہدیداروں کی جانب سے پڑوسی ریاست کے عہدیداروں اور انتخابی عملہ سے تال میل کے ذریعہ سرحدی علاقوں پر موجود چیک پوسٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جاچکی ہے اور مہاراشٹرامیں انتخابی خدمات کی انجام دہی کیلئے تلنگانہ سے جملہ 1800 ہوم گارڈز کو روانہ کیا گیا ہے تاکہ 21 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات میں امن و ضبط کی برقراری کو یقینی بنایا جاسکے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ منعقد کئے گئے اس جائزہ اجلاس کے دوران ڈاکٹرایس کے جوشی کے علاوہ چیف الکٹورل آفیسر مسٹر رجت کمار‘ اسپیشل سیکریٹری مسٹر سومیش کمار‘ مسٹر ایم مہیندر ریڈی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ ‘ مسٹر راجیو تریویدی سیکریٹری داخلہ تلنگانہ کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔مرکزی الیکشن کمشنر کے ساتھ جائزہ اجلاس کے بعد چیف سیکریٹری نے ریاست میں عہدیداروں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں مزید تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ مہاراشٹرا میںانتخابی عمل سے 48 گھنٹے قبل تک شراب پر عائد امتناع کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں مستعدی سے کام لیں اور گڈ چرولہ ‘ ناندیڑ‘ یوتمال اور چندرا پور کے سرحدی علاقو ںمیں طلایہ گردی میں اضافہ اور اضافی چیک پوسٹس قائم کئے جائیں تاکہ پڑوسی ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو یقینی بنانے کے علاوہ دھاندلیوں سے پاک انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ڈاکٹر ایس کے جوشی نے اجلاس کے دوران عہدیداروں کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔