مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری

,

   

20نومبر کومہاراشٹرا ‘جھارکھنڈ میں 13 اور 20 نومبر کو دو مراحل میںووٹنگ‘23 نومبر کو نتائج

نئی دہلی : الیکشن کمیشن نے مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں۔یہ انتخابات ایک مرحلے میں 288 نشستوں کیلئے منعقد ہوں گے۔ مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن 22 اکتوبر 2024 کو جاری ہوگا۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 اکتوبر ہے۔ نامزدگیوں کی جانچ 30 اکتوبر کو ہوگی اور نامزدگی واپسی کی آخری تاریخ 4 نومبر رکھی گئی ہے۔مہاراشٹرا میں ووٹنگ 20 نومبر 2024 کو ایک ہی مرحلہ میں ہوگی جبکہ گنتی 23 نومبر کو ہوگی اور انتخابات کی تکمیل 25 نومبر تک ہوگی۔ مہاراشٹرا میں ووٹروں کی کل تعداد 9.63 کروڑ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاراشٹرا میں کل ووٹرز کی تعداد تقریباً 9.63 کروڑ ہے میں 4.97 کروڑ مرد، 4.66 کروڑ خواتین اور 1.85 کروڑ نوجوان (20تا29 سال) عمر کے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 20.93 لاکھ پہلی بار ووٹ دینے والے بھی شامل ہیں۔ مہاراشٹرا کے پولنگ اسٹیشنز میں سے 5042 شہری اور 24520 دیہی علاقوں میں ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے بتا یاکہ جھارکھنڈ میں13اور 20نومبر کو دومراحل میں ووٹنگ ہوگی ۔انہوں نے بتا یا کہ جھارکھنڈ میں ووٹرز کی تعداد تقریباً 2.6 کروڑ ہے جن میں 1.31 کروڑ مرد اور 1.29 کروڑ خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پہلی مرتبہ ووٹ دینے والے ووٹروں کی تعداد 11.84 لاکھ ہے۔ جھارکھنڈ میں کل 29562 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ہریانہ اور جموں و کشمیر کے عوام کا انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ ان دو ریاستوں کے علاوہ الیکشن کمیشن نے کیرالہ کی وایناڈ لوک سبھا سیٹ اور مہاراشٹرا کی ناندیڑ سیٹ کیلئے ضمنی انتخابات کا بھی اعلان کیا۔ توقع ہے کہ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی وایناڈ سے الیکشن لڑ کر اپنا انتخابی آغاز کریں گی۔وایناڈ کیلئے ضمنی انتخاب 13 نومبر کو ہوگا جو جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے اور 15 ریاستوں میں 47 اسمبلی سیٹوں کیلئے ضمنی انتخابات کے ساتھ ہے۔مہاراشٹرا میں اسمبلی کی 288 سیٹیں ہیں اور کسی بھی اتحاد کو حکومت بنانے کیلئے 145 سیٹوں کی ضرورت ہوگی۔ جھارکھنڈ میں اسمبلی کی 81 سیٹیں ہیں اور کسی بھی پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے 42 سیٹوں کی ضرورت ہوگی۔یوپی 10 سیٹوں کے منجملہ 9 پر ضمنی انتخاب ہوگا جبکہ ملکی پور میں ضمنی انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔