بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی اور ڈی اناسویا سیتکا شامل
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے لیے سینئر قائدین کو ابزرورس کے طور پر مقرر کیا ہے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال کے مطابق صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے نے مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں 5 علیحدہ ڈیویژنس کے لیے سینئر آبزرورس کا تقرر کیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے ابزرورس میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین شامل ہیں۔ ممبئی اور کونکن ڈیویژن کے لیے اشوک گیہلوٹ اور ڈاکٹر جی پرمیشور کو سینئر آبزرور مقرر کیا گیا۔ ودھربا (امراوتی اور ناگپور) کے ابزرورس کے طور پر بھوپیش بھگیل، چرنجیت سنگھ چنی اور امنگ سنگھار کو مقرر کیا گیا ہے۔ مرٹھواڑہ علاقہ کے لیے سچن پائلٹ اور تلنگانہ کے وزیرآبپاشی این اتم کمار ریڈی کو ابزرور مقرر کیا گیا۔ ویسٹرن مہاراشٹرا ڈیویژن کے ابزرور کے طور پر ٹی ایس سنگھ دیو اور ایم بی پاٹل کو مقرر کیا گیا۔ نارتھ مہاراشٹرا ڈیویژن کے لیے کرناٹک کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر سید ناصر حسین اور تلنگانہ کی وزیر پنچایت راج ڈی اناسویا سیتکا کو سینئر آبزرورس مقرر کیاگ یا۔ مہاراشٹرا کیلئے مکل واسنی اور اویناش پانڈے ریاستی سطح پر سینئر کوآرڈینیٹرس ہوں گے۔ جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کے لیے ملیکارجن کھرگے نے تین سینئر قائدین کو سینئر آبزرورس کے طور پر مقرر کیا ہے۔ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ادھیر رنجن چودھری اور طارق انور کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ سے مربوط مہاراشٹرا کے علاقوں میں انتخابی مہم کیلئے تلنگانہ کانگریس قائدین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 1