ممبئی: (یو این آئی) : مہاراشٹر حکومت اور ’’ودھی سینٹر فار لیگل پالیسی‘‘ کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد ریاست میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنا، شہریوں کی زندگی کو زیادہ محفوظ اور سہل بنانا اور قانون کی دفعات کا تفصیلی مطالعہ کرنا ہے ۔ اس معاہدے پر دستخط وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی موجودگی میں کیے گئے ۔ یہ یادداشت سہیادری گیسٹ ہاؤس میں دستخط کی گئی، جہاں ریاست کے قانون و انصاف محکمے کے سکریٹری ستیش واگھولے اور ودھی سینٹر کے نمائندہ ارگھیا سینگپتا نے دستخط کیے ۔ اس موقع پر ودھی سینٹر کی جنالی دانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ اس مفاہمت نامے کے تحت، ریاست میں ایسا قانونی ماحول تیار کیا جائے گا جو شہریوں کو ریلیف فراہم کرے اور کاروباری رکاوٹوں کو ختم کرے ۔ اس مقصد کے لیے ‘ڈیکرائملائزیشن’ کے عمل کے تحت ایسے پیچیدہ اور مجرمانہ قوانین کا جائزہ لیا جائے گا جو کاروبار کے لیے رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ودھی سینٹر ریاستی قوانین کی دفعات کا گہرائی سے مطالعہ کرے گا اور اس سلسلے میں اپنی سفارشات جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو پیش کرے گا۔