مہاراشٹرا حکومت ممبئی باغ احتجاجیوں سے خوفزدہ

   

میدھاپاٹکرکا بیان ، عوام سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل

ممبئی ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سماجی کارکن میدھا پاٹکر نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت ناگ پاڑا میں ممبئی باغ کے احتجاجیوں سے خوفزدہ ہے۔ اسی لئے وہ ان کی آواز دبانے کیلئے پولیس فورس کا استعمال کررہی ہے۔ میدھاپاٹکر نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ادھوٹھاکرے حکومت نے شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر سے متعلق واضح موقف اختیار کرلیا ہے تو پھر پولیس کیوں مداخلت کررہی ہے۔ انہوں نے شہر کے مختلف حصوں کے عوام پر زور دیا کہ وہ احتجاج میں شامل ہوں جس کو مقامی افراد اور میڈیا کی جانب سے ’’ممبئی باغ‘‘ کہا جارہا ہے۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے ترقی کیلئے ووٹ دیا اور فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کردیا۔ دہلی میں بی جے پی نے شاہین باغ کو غلط انداز میںپیش کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ 26 جنوری سے ممبئی کے ناگ پاڑا کی مورلینڈ روڈ پر بڑی تعداد میں خواتین سی اے اے کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔