نظام آباد : ضلع نظام آباد میں دوسرے مرحلہ کے وباء کے شدت کے پیش نظر نظام آباد کے مدنور منڈل کے علاقہ میں مہاراشٹرا کے سرحدوں کو بند کرتے ہوئے سلابت پور کے علاقہ میں سرحد پر پولیس کو تعینات کرتے ہوئے مہاراشٹرا سے آنے والی گاڑیوں کو سرحد پر روک دیا جارہا ہے کوویڈ ٹاسک فورس وہیکل کو ہی ضلع میں داخل ہونے دیا جارہا ہے ۔ مہاراشٹرا میں وباء کے شدت اور لاک ڈائون کے باعث ضلع کے سرحد پر مہاراشٹرا سے آنے والی تمام گاڑیوں کو سرحد پر روک دیا جارہا ہے ۔ یہاں تک کہ ٹو وہیلرس کو بھی آنے نہیں دیا جارہا ہے ۔ نظام آباد ضلع میں مہاراشٹرا کے دوسرے مرحلہ کے وباء کا اثر زبردست ہورہا تھا کیونکہ سرحد کو عبور کرتے ہوئے ہر روز سینکڑوں افراد تجارتی اغراض کیلئے ضلع میں داخل ہورہے تھے خاص طور سے ناندیڑ ضلع کے دھرم آباد ، بلولی و دیگر علاقوں سے ہر روز سینکڑوں افراد رمضان کی شاپنگ کیلئے سرحد کے ذریعہ ضلع میں داخل ہورہے تھے اور علاج و معالجہ کیلئے بھی ہر روز کئی افراد نظام آباد سے آرہے تھے ۔ کاروباری اغراض کے باعث وباء میں دن بہ دن شدت اختیار کی جارہی تھی ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے سرحدوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا اور سرحد پر پولیس پیکٹس کو تعینات کردیا ۔
