۔7 شیرخواروں کو بچالیا گیا،چیف منسٹر ٹھاکرے نے تحقیقات کا حکم دیا
ممبئی؍بھنڈارہ :ممبئی کے مشرق میں 900 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع بھنڈارہ میں پیش آئے سانحہ میں ضلع کے ایک سرکاری اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی سے 10 نوزائیدہ بچوں کا دم گھٹ گیا۔ حکام نے واقعہ کی تصدیق کی ہے اور حکومت نے سخت اقدامات کا اشارہ دیا ہے ۔ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث یہ آگ دیر رات گئے 1.45 بجے بھڑک اٹھی جب نوزائیدہ بچوں کی مائیں اور لواحقین سو رہے تھے ۔ آگ نے بھنڈارا ڈسٹرکٹ جنرل ہاسپٹل کے سیک اینڈ نیوبان کیئر یونٹ (ایس بی سی یو) کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ڈیوٹی پر موجود ایک نرس نے وارڈ کے پاس سے گزرتے ہوئے دیکھا کہ اندر سے دھواں نکل رہا ہے اور اس نے خطرے کی گھنٹی بجائی جس پر اسپتال کادیگر عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ کم از کم 10 شیر خوار بچے جن کی عمریں 3 ماہ سے کم تھی، دم گھٹنے کی وجہ سے فوت ہوچکے تھے اوراس درمیان7 دیگر بچالیے گئے ۔اگرچہ پولیس نے آتشزدگی کی وجوہ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن یہ شبہ کیا جاتا ہے کہ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں ائیر کنڈیشنر میں دھماکہ ہوا ، اس کے بعد وارڈ میں دھواں پھیلنے کے سبب دم گھٹنے کی وجہ سے بچوں کی موت واقع ہوگئی۔چیف منسٹر نے ادھو ٹھاکرے نے آتشزدگی کی تحقیقات کا حکم دیاہے ۔