کورونا کی مثبت شرح 20 فیصد تک پہونچ گئی ، ہاسپٹلس میں تقریبا بیڈس بھر گئے
حیدرآباد :۔ گذشتہ ایک ماہ سے دن بہ دن کورونا کے کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق تلنگانہ میں کوویڈ 19 کی شرح پازیٹیو 15 تا 20 فیصد کے درمیان ہے ۔ ہر چار دن میں ایک مرتبہ کیسیوں کی تعداد دو گنی ہورہی ہے ۔ کورونا سے شدید متاثر ریاست مہاراشٹرا سے متصل تلنگانہ اضلاع میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ ضلع نظام آباد میں کورونا مثبت کیسیس کی شرح 24 فیصد تک بڑھ گئی ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے وہاں کورونا ٹسٹ کرانے والے ہر 100 افراد میں 24 افراد کی ٹسٹ رپورٹ پازیٹیو آرہی ہے ۔ دو دن قبل ضلع جگتیال میں 1250 ٹسٹ کرائے گئے ہیں جن میں 350 افراد کو انفیکشن ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ اس حساب سے ضلع جگتیال میں کورونا شرح مثبت 28 فیصد ہے ۔ منچریال میں 1264 افراد کا ٹسٹ کرایا گیا جس میں 203 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے یہاں شرح پازیٹیو 16.06 فیصد ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ وہی ضلع میدک میں 17.6 فیصد کورونا پازیٹیو شرح ہونے کا علم ہوا ہے ۔ ریاست کے سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں 12 مارچ کو 1169 افراد کورونا سے متاثر ہو کر شریک ہوئے 13 اپریل تک ان کی تعداد 8567 تک پہونچ گئی ہے ۔ اس حساب سے ایک ماہ میں کورونا سے متاثر ہو کر 7398 افراد ہاسپٹلس میں شریک ہوئے ہیں یعنی روزانہ اوسطاً 285 افراد ہاسپٹلس میں شریک ہوئے ابھی تک کئی ہاسپٹلس میں بیڈس پوری طرح بھر گئے ہیں ۔ اگر کورونا متاثرین کی تعداد میں اس طرح اضافہ ہوتا رہا تو بیڈس ملنا مشکل ہوجائے گا ۔ نظام آباد گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے 7 منزلہ عمارت مختص کی گئی ہے ۔ ایک ماہ قبل اس ہاسپٹل میں برائے نام کورونا متاثرین زیر علاج تھے ۔ اب ہاسپٹل میں بیڈس خالی نہیں ہے ۔ 330 بیڈس کے منجملہ 3310 بیڈس مریضوں سے بھر گئے ہیں ۔ ڈاکٹرس کی جانب سے بہت زیادہ متاثر رہنے والے مریضوں کو ہی ہاسپٹل میں شریک کرایا جارہا ہے ۔ مزید زیادہ متاثر رہنے والوں کو حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے ۔ مزید دوسرے متاثرین کو ضلع نظام آباد کے دوسرے سرکاری ہاسپٹلس کے ساتھ کورنٹائن مراکز کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد نظام آباد کے ہاسپٹل میں عملے کی کمی ہوگئی ہے ۔ اضافہ عملہ کے لیے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کی جانب سے اعلیٰ عہدیداروں کو رپورٹ پیش کی ہے ۔ بودھن کے ہاسپٹل میں تمام 45 بیڈس بھر گئے ہیں ۔ شہر نظام آباد کے 9 خانگی ہاسپٹلس کی بھی یہی صورتحال ہے ۔۔