ممبئی، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں مسلمانوں کیلئے تعلیم اور ملازمتوں میں تحفظات کے دوبارہ امکانات روشن ہوگئے ہیں کیونکہ اس ہفتے کابینہ میں اس مسئلہ پر غوروخوض کیا گیا ہے۔ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی نئی مہاراشٹرا حکومت میں شریک کانگریس پارٹی نے بتایا کہ ریاست میں اقلیتی طبقہ کو تحفظات کی دوبارہ فراہمی کیلئے وہ زور دے رہی ہے اور یہ اقلیتوں کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ کانگریس لیڈر و تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوان نے کہا کہ کانگریس اس مسئلہ پر سنجیدہ ہے اور انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مہاراشٹرا میں مسلمانوں کیلئے تحفظات پر جلد ہی دوبارہ عمل آوری ہوگی۔ چھ سال قبل بامبے ہائیکورٹ نے ریاست میں اقلیتی طبقہ کیلئے 5% تحفظات پر جزوی حکم التواء جاری کیا گیا۔ اشوک چوان نے بتایا کہ پارٹی کے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس مسئلہ کو اٹھایا جائے گا اور اس پر غوروخوض ہوگا۔
