کانگریس، این سی پی، شیوسینا کے معمولی اختلافات کا بھی اپوزیشن بڑا فائدہ اٹھانے بے چین: راوت
ممبئی: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راوت نے گزشتہ روز کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے درمیان سیٹ شیئرنگ پر 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اتحاد کی تینوں جماعتوں کے رہنما کسی بھی وقت اعلان کر سکتے ہیں۔ راوت نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں یہ اشارہ بھی دیا کہ ان کی پارٹی 100 نشستوں پر مقابلہ کر سکتی ہے۔مہاراشٹرا میں 288 رکنی اسمبلی کے انتخابات 20 نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔ اپوزیشن اتحاد MVA کے سرکردہ قائدین نے گزشتہ رات دیر گئے یہاں ملاقات کی اور اشارہ دیا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم کو حتمی شکل دی گئی ہے۔خاص طور پر شیو سینا (یو بی ٹی) اور کانگریس کے درمیان بات چیت میں خلل پڑنے کے بعد ریاستی کانگریس کے سینئر رہنما بالا صاحب تھوراٹ نے منگل کو پہلے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے صدر شرد پوار اور پھر شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی بعد میں تھوراٹ اور ایم وی اے کے دیگر قائدین نے دوبارہ ملاقات کی، جو یہاں کے ایک ہوٹل میں کئی گھنٹے تک جاری رہی۔
تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے نشستوں کے اشتراک پر گہرائی سے بات چیت کی جو منگل کی رات دیر گئے تک جاری رہی۔ راوت نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ جلد ہی تینوں قائدین پریس کانفرنس کریں گے۔ انہوں نے کہا(ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں اس کے گروپ کے تناظر میں) تجربہ کار پارٹی ہے، اس لیے اسے سنچری اسکور کرنی ہوگی۔ لوگوں کو توقع ہے کہ شیو سینا کو سیٹوں اور مجموعی فتح میں سنچری اسکور کرنی چاہیے۔ چیف منسٹر ایکناتھ شندے کی زیرقیادت شیوسینا ،بی جے پی اور ایم این ایس کو نشانہ بناتے ہوئے، جنہوں نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے، راوت نے کہا کہ اتحادیوں نے وقت لیا ہے کیونکہ ایم وی اے کو حکومت بنانا ہے۔راجیہ سبھا کے رکن نے کہا کہ ہر اسمبلی سیٹ پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم وی اے نے یقینا اپنی فہرست جاری نہیں کی ہے لیکن تینوں جماعتوں نے پہلے ہی اپنے امیدواروں کو ’اے ‘ اور ’بی‘ فارم دیئے ہیں۔ یہ فارم اہم دستاویزات ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایک سیاسی جماعت نے بعض امیدواروں کے ناموں کی اجازت دی ہے اور انہیں اس پارٹی کا انتخابی نشان دیا جانا چاہیے۔یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کی پارٹی ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے کے بیٹے امیت ٹھاکرے کے خلاف ماہم سے امیدوار کھڑا کرے گی؟ اس پر راوت نے کہا کہ شیو سینا کا قیام ماہم دادر کے علاقے میں ہوا تھا اور ایسا نہیں ہو سکتا کہ وہ وہاں امیدوار کھڑا نہ کرے۔راوت نے یہ بھی کہا کہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے اس بار ورلی سیٹ سے بڑے فرق سے جیتیں گے۔