مہاراشٹرا میںشدید بارش سے 48 افراد ہلاک ۔ فصلوں کو بھی بھاری نقصانات

   

Ferty9 Clinic

8 افراد اب بھی لاپتہ ۔ ہزاروں گھر وں کو نقصان ۔ نقصانات کا تخمینہ تیار کرنے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کی ہدایت
پونے ۔ مہاراشٹرا کے پونے ‘ اورنگ آباد اور کونکن ڈویژنوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں کم از کم 48 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں ہیکٹر اراضی پر کھڑی فصلوںکو نقصان پہونچا ہے ۔ عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پونے ڈویژن میںشدید بارش کے نتیجہ میں 29 افراد ہلاک ہوئے ہیںجبکہ اورنگ آباد ڈویژن میں16 اور ساحلی کونکن علاقہ میں 3 افراد فوت ہوئے ہیں۔ مغربی مہاراشٹرا میں بارش سے 3,000 مکانات کو نقصان ہوا ہے جبکہ 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا ہے ۔ پونے ڈویژنل کمشنر کے دفتر نے یہ بات بتائی ۔ انہوںنے بتایا کہ 14 افراد شولا پور میں ‘ چھ افراد سانگلی میںسات افراد پونے میں اور دو افراد ستارا میں ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ پونے میں ایک سانگلی میں تین اور شولا پور میں چار افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ علاوہ ازیںگنے ‘ سویا بین ‘ ترکاریوں کی فصلوں‘ چاول کے کھیتوں اور کپاس کی فصل کو بارش سے شدید نقصان ہوا ہے ۔ علاوہ ازیں 1,021 مویشی بھی مارے گئے ہیں۔ پونے ‘ شولاپور ‘ ستارا ‘ سانگلی اور کولہاپور اضلاع کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ اورنگ آباد ڈویژن میں 16 افراد اور کونکن ڈویژن میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اورنگ آباد ڈویژن کی 13 تحصیلوں میں بہت زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ اس کے نتیجہ میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا اور گھروں کو اور فصلوں کو نقصان ہوا ہے ۔ یہاں بھی کئی ہزار ہیکٹر اراضی پر پھیلی ہوئی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ وزیر ریلیف و بازآبادکاری وجئے ودیتیوار نے کہا کہ پونے ڈویژن میںخاص طور پر کسانوں کو بہت بھاری نقصان ہوا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نے مغربی مہاراشٹرا میںسیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو معائنہ رپورٹس تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے فصلوں‘ مکانات اور دوسری جائیدادوں کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔