پربھنی: مہاراشٹرا کے پربھنی میں آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یادگار کی توڑ پھوڑ کی مذمت کیلئے بلایا گیا بند پرتشدد ہو گیا۔لوگوں نیچہارشنبہ کو آئین کی نقل کو توڑنے کے خلاف پربھنی بند کی کال دی تھی۔ اس دوران ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔توڑ پھوڑ کے خلاف احتجاج کے طور پر بند کے دوران تشدد پھوٹ پڑا اور لوگوں نے توڑ پھوڑ اور آتش زنی شروع کردی۔ کئی رہائشی عمارتوں پر بھی پتھراؤ کیا گیا۔پربھنی کے کئی علاقوں میں دکانوں اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ اور آگ لگا دی گئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ احتجاج آتشزدگی، پتھراؤ اور ریلوے اسٹیشن پر رکاوٹوں میں بدل گیا۔بھیڑ پر قابو پانے کے لیے پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے۔ کچھ علاقوں میں لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔ پربھنی میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ پربھنی سے متصل ہنگولی میں بھی تشدد ہوا ہے۔