مہاراشٹرا میں بارش کا قہر، 35اموات، عام زندگی مفلوج

,

   

ممبئی ،تھانے اور پونے میںدیواریں گرنے سے 18 ہلاک،درجنوں فلائٹس متاثر، لوکل ٹرینیں منسوخ، عام تعطیل کا اعلان
ممبئی ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بارش کے قہر نے 31 جانیں لے لئے ہیں جن میں 18 اموات ممبئی میں دیوار منہدم ہوجانے سے ہوئی ہیںجبکہ حکام نے شہر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔ موسلاھار بارش نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کو بھی ایم ایل ایز کیلئے نئی بلڈنگ کی تعمیر کی سنگ بنیاد تقریب کے اپنے پروگرام کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔ ممبئی کے شمالی مضافات ملاڈ میں منگل کی صبح بھاری بارش کے نتیجے میں ایک دیوار گرجانے سے اٹھارہ افراد ہلاک اور زائد از 50 دیگر زخمی ہوگئے۔ اسی طرح پونے میں چھ مزدور پیر کی رات دیر گئے امبے گاؤں علاقہ میں دیوار گرجانے سے فوت ہوئے اور تین دیگر کو زخم آئے۔ پونے میں اسی طرح کے واقعہ میں مزید چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ منگل کی صبح ضلع تھانے کے کلیان میں بھی دیوار گری اور تین افراد ہلاک ہوئے۔ یہ واقعہ درگئی فورٹ کے قریب واقع اُردو اسکول میں پیش آیا جہاں فوت ہونے والے تین افراد میں 3 سالہ بچہ شامل ہے۔ تھانے اور پڑوسی پالگھر میں بارش سے متعلق حادثات میں مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک ہوئے اور ایک زیرآب کار سے تین افراد کو بچایا گیا۔ لگ بھگ اسی وقت تھانے اور بھیندر کے درمیان تین افراد کے ساتھ ایک کار چینا کریک میں پانی میں گرگئی۔ فائر بریگیڈ پرسونل کو فوری طلب کیا گیا جو زیرآب کار سے تینوں افراد کو نکالنے میں کامیاب ہوئے۔ علاقہ میں اس خطہ میں موسلادھار بارش نے عام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔ سب اربن ملاڈ میں سیلاب سے متاثرہ سب وے میں ایک کار پھنس گئی

جس میں دو نوجوان سوار تھے، وہ تیز دھار میں بہتے چلے گئے اور آگے اُن کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ جن کی شناخت 38 سالہ عرفان خان اور 40 سالہ گلشاد شیخ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ دریں اثناء ناسازگار موسم کے سبب ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں جملہ 54 فلائٹس کا رُخ موڑ دیا گیا اور 52 دیگر منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ جئے پور سے آنے والی اسپائس جٹ کی ایک فلائٹ پیر کو موسلادھار بارش کے درمیان ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرتے ہوئے رن وے پر پھسل کر اصل حصے سے آگے نکل گئی ۔ ترجمان ایئرلائن نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ بھاری بارشوں کے درمیان سب اربن کرلا میں تخلیہ کا جوائنٹ آپریشن چلایا گیا جس میں این ڈی آر ایف، نیوی اور فائر بریگیڈ نے حصہ لیا اور لگ بھگ 1,000 افراد کو عارضی آشیانوں کو منتقل کیا۔ نیوی ٹیم کو بعض جگہوں پر بہت بڑی مقدار میں پانی جمع ہوجانے اور وہاں چھوڑ دی جانے والی گاڑیوں کے سبب مشکلات پیش آئیں اور خود اُن کی گاڑیوں کو متاثرہ مقام تک پہنچنے میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ چنانچہ نیوی ٹیم پیدل ہی آگے چل پڑی اور اپنے ساتھ لائف بوائز اور لائف جیکٹس جیسی حفاظتی اشیاء ساتھ لیتے گئے اور انھوں نے بعض معمر عورتوں اور بچوں کو محفوظ تر علاقوں تک پہنچنے میں مدد کی۔ حکام نے ممبئی میں منگل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ایک بلدی عہدہ دار نے کہا کہ احتیاطی طور پر تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران سی ای ٹی کمشنر آنند رایتے نے کہا کہ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور بی اے ایم سی کورسیس میں انڈرگرائجویٹ اڈمیشن کیلئے اسٹوڈنٹس اپنے دستاویزات کی تصدیق کرانے کیلئے منگل کو ممبئی آنے والے تھے، اُن کو اب وہی کام کیلئے 5 جولائی کی تاریخ دی گئی ہے۔ ممبئی یونیورسٹی نے بھی بھاری بارش کے باعث بی ایس سی کمپیوٹر سائنس فرسٹ اور سکنڈ ایئر اسٹوڈنٹس کیلئے امتحان کو ملتوی کردیا ہے۔ ریلوے نے بھی ریلوے ٹریکس پر پانی جمع ہوجانے کے سبب محدود حصوں میں ہی لوکل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے عہدہ دار نے کہا کہ سنٹرل اور ویسٹرن ریلویز کی طویل مسافتی ٹرینوں کو بھاری بارشوں کے سبب منسوخ کردیا گیا یا پھر قطعی منزل سے قبل سفر ختم کردیا گیا ہے۔ برقی سربراہ کرنے والی کمپنیوں نے ممبئی کے بعض مضافاتی علاقوں میں بطور احتیاط سپلائی معطل بھی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 2، 4 اور 5 جولائی کو تھانے اور پالگھر کے پڑوسی علاقوں میں نہایت بھاری بارش کا انتباہ دیا ہے۔ ممبئی کے چند مقامات میں منگل کو بھاری سے بہت بھاری بارش ہوسکتی ہے۔ پرائیویٹ ویدر ایجنسی اسکائی مٹ نے کہا کہ ممبئی 3 اور 5 جولائی کے درمیان سیلاب کے خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے۔ اس مدت میں روزانہ تقریباً 200 ایم ایم یا زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، جو عام زندگی کو مفلوج کرسکتی ہے۔