مہاراشٹرا میں بارش کیلئے یلو الرٹ

   

ممبئی ، 6 جون (یو این آئی) محکمہ موسمیات نے مہاراشٹرا کیلئے اگلے چار ہفتوں کے دوران موسم کی تفصیلی پیش قیاسی جاری کی ہے ۔ 6 جون سے 3 جولائی تک ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کے معمول کے مطابق ہونے کا امکان ہے ، جبکہ مجموعی طور پر اوسط سے زیادہ بارش متوقع ہے ۔ پہلے ہفتے( 6سے 12 جون) کے دوران مدھیہ مہاراشٹرا کے بعض علاقوں میں اوسط سے زیادہ بارش ہوگی، جب کہ کونکن اور ودربھ میں بارش کی مقدار اوسط سے کم رہنے کا امکان ہے ۔ دوسرے ہفتے (13 سے 19 جون) میں مشرقی ودربھ اور کونکن کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر باقی ریاست میں اوسط سے زیادہ بارش کی توقع ہے ۔ مون سون کے دوبارہ فعال ہونے کے لیے موسم سازگار رہے گا۔ تیسرے ہفتے(20 سے 26 جون) میں جنوبی مدھیہ مہاراشٹرا، مراٹھواڑہ، کونکن اور ودربھ کے چند علاقوں کو چھوڑ کر باقی مقامات پر اچھی بارش ہوگی۔ چوتھے ہفتے( 27جون سے 3 جولائی) میں مغربی مہاراشٹرا اور کونکن کو چھوڑ کر دیگر علاقوں میں اوسط سے زیادہ بارش کا امکان ہے ۔ ان چار ہفتوں کی پیش گوئی کے مطابق کونکن میں کم بارش ہوگی جبکہ دیگر علاقوں میں بارش کی مقدار اوسط سے زیادہ رہے گی۔ جون کے آغاز سے مون سون کی بارشوں کی جھلک نظر آ رہی ہے ، بعض علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے ، تاہم شدید بارش کا امکان بھی موجود ہے ۔