ممبئی۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی جانب سے مہاراشٹرا کی نشستوں کیلئے جاری کردہ اپنی تیسری فہرست میں موجودہ 4 ارکان پارلیمنٹ کو تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ بارہ متی سے ایک خاتون امیدوار کو بھی میدان میں اتارا جارہا ہے۔ تازہ ترین فہرست جس میں مختلف ریاستوں سے انتخابات لڑنے والے 36 امیدواروں کے نام ظاہر کردیئے گئے ہیں جس میں مہاراشٹرا سے 6 قائدین کے نام سامنے آئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی شیوسینا کی حمایت کے ساتھ جملہ 48 نشستوں میں 25 نشستوں پر انتخابات لڑ رہی ہے جس کیلئے 22 ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے، 2014ء میں بی جے پی نے مہاراشٹرا سے 24 نشستوں پر انتخابات لڑے تھے جس میں سے 22 فتوحات حاصل ہوئیں۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے پہلے ہی کہا تھا کہ پارٹی نے بارہ متی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ پونے کی نشست سے موجودہ رکن پارلیمنٹ انیل شورٹے کے مقام پر گریش بھاپت کو موقع دیا گیا ہے، جبکہ شولا پور سے موجودہ رکن پارلیمنٹ شرت بانسوڈے کے مقام پر جئے سدیشور سوامی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ جلگاؤں سے نانا پاٹل کو بھی ٹکٹ نہ دیتے ہوئے ان کے مقام پر سمیت ادئے واگھ کو موقع دیا جارہا ہے۔