مہاراشٹرا میں بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا: ستیہ پال ملک

   

الیکشن میں اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی کیلئے مہم چلانے کا اعلان
نئی دہلی : جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ وہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے لیے مہم چلائیں گے۔ ملک نے یہ دعویٰ کیا کہ اس انتخاب میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا صفایا ہو جائے گا۔ ستیہ پال ملک جنہوں نے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا انہوں نے یہ بیان شیو سینا (اودھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما اور مہاراشٹر اکے سابق وزیر اعلیٰ اودھو ٹھاکرے کے گھر پر ان سے ملاقات کے بعد دیا۔ملک نے کہا کہ بی جے پی کو اس الیکشن میں نہ صرف بڑا نقصان ہوگا بلکہ پارٹی کا مکمل صفایا بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ادھو ٹھاکرے اس الیکشن میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ مہاراشٹرا میں 288 رکنی اسمبلی کیلئے نومبر میں انتخابات متوقع ہیں۔ ریاست میں حکمراں اتحاد جسے مہایوتی کے نام سے جانا جاتا ہے، میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے کی قیادت والی شیو سینا، بی جے پی اور اجیت پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) شامل ہیں۔ملک نے مزید کہا کہ وہ ایم وی اے کو مکمل حمایت دیں گے اور اس کے لیے مہم بھی چلائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہاراشٹرا کا اسمبلی الیکشن ملک کے سیاسی منظرنامے پر اہم اثر ڈالے گا ۔
اور اس کے نتائج بی جے پی کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔یہ بیان ملک کی طرف سے ایسے وقت پر آیا ہے جب مہاراشٹرا میں اپوزیشن اتحاد ایم وی اے جس میں شیو سینا (یو بی ٹی)، کانگریس اور شرد پوار کی قیادت والی این سی پی (شرد چندر پوار) شامل ہیں، انتخابات کی تیاری کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ ستیہ پال ملک جموں و کشمیر کے علاوہ بہار، اوڈیشہ اور گوا کے بھی گورنر رہ چکے ہیں۔وہ بی جے پی کی پالیسوں کے خلاف بیانات کیلئے مشہور ہیں۔