اگزٹ پولس کے اعداد و شماربکھر گئے…!
مغربی ریاست میں این سی پی ، کانگریس کا موقف بہتر۔ ہریانہ میں بی جے پی بڑی پارٹی ، کانگریس بھی تشکیل حکومت کیلئے تیار
ممبئی / چندی گڑھ۔ 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی ۔شیوسینا اتحاد جمعرات کو مہاراشٹرا میں اپنا اقتدار برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے، یہ اور بات ہے کہ ان کی اکثریت گھٹ چکی ہے، جبکہ ہریانہ میں معلق اسمبلی وجود میں آئی ہے جہاں بی جے پی واحد بڑی پارٹی بن کر ابھری اورسربراہ جے جے پی دشینت چوٹالہ اور آزاد ایم ایل ایز کا نئی حکومت کی تشکیل میں کلیدی رول رہے گا۔ مہاراشٹرا میں نہایت تجربہ کار سیاستداں 78 سالہ شردپوار کی قیادت میں این سی پی نے اپوزیشن کی طرف سے توقعات سے کہیں بہتر مظاہرہ کیا جبکہ سینا کو توقع کے مطابق فائدہ حاصل نہیں ہوا، حالانکہ اس نے بی جے پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں کافی سخت موقف اختیار کرنے کی کوشش کی تھی ۔ سینا نے 50:50 کے فارمولہ پر اصرار کیا ہے جس کے تحت دونوں اتحادی پارٹنرس اقتدار میں شراکت داری کریں گے ۔ ماہ مئی میں منعقدہ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد پہلے اسمبلی انتخابات میں زعفرانی پارٹی کی پیشقدمی کو مہاراشٹرا اور ہریانہ میں قابل لحاظ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جیسا کہ شمالی ریاست میں پھر سے ابھرنے والی کانگریس نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ ان نتائج کی روشنی میں تین روز قبل پولنگ کے بعد جاری کردہ اگزٹ پولس کو دیکھا جائے تو دونوں میں بہت فرق ہے۔ اگزٹ پولس اکثر و بیشتر ٹھیک ٹھیک نتائج پیش کرنے میں ناکام ہوئے ہیں اور کبھی کبھار ہی ان کے دعوے کچھ حد تک درست ثابت ہوئے ہیں۔ تاہم آج کے نتائج میں پیر کے اگزٹ پولس بری طرح بکھر گئے ہیں۔ ہریانہ میں 90 نشستوں کے منجملہ بی جے پی 40 جیت لئے ہیں اور وہ اقتدار کی برقراری کیلئے اکثریت سے صرف 6 سیٹ پیچھے ہے۔ بی جے پی سربراہ امیت شاہ نے اشارہ دیا ہے کہ پارٹی اگلی حکومت تشکیل دینے کیلئے اپنا دعویٰ پیش کرے گی ۔ بی جے پی کو گزشتہ اسمبلی میں 47 نشستیں حاصل تھی اور حالیہ لوک سبھا چناؤ میں اس نے تمام 10 سیٹیں جیتے تھے۔ اب ساری نظریں چھوٹی جماعت جنایک جنتا پارٹی (جے جے پی) جسے گزشتہ سال دشینت چوٹالہ نے شروع کیا، اسے 10 جبکہ آزاد امیدواروں کو 7 نشستیں حاصل ہوچکی ہیں۔ کانگریس نے 31 سیٹ جیتے جو گزشتہ اسمبلی کی عدد ی طاقت 15 سے کافی زیادہ ہے۔ مہاراشٹرا میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے نہ صرف اپنا مظاہرہ بہتر کیا بلکہ سینئر پارٹنر کانگریس کو بھی پیچھے چھوڑدیا حالانکہ اس نے نسبتاً کم نشستوں پر چناؤ لڑے۔ 288 نشستوں کے منجملہ 258 کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے جس میں بی جے پی۔شیوسینا اتحاد کو سادہ اکثریت حاصل ہوئی ، جیسا کہ زعفرانی پارٹی نے 94 اور سینا نے 54 نشستیں جیت لئے ہیں جو مجموعی طور پر 148 ہوتے ہیں۔ سادہ اکثریت 145 ہے۔ تادم تحریر بی جے پی اور سینا کو ترتیب وار 11 اور 2 نشستوں پر سبقت حاصل ہے۔ این سی پی اور کانگریس 49 اور 35 نشستیں جیت چکے ہیں اور مزید 5 اور 9 پر اپنے حریفوں سے آگے ہیں۔