اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کے امکانات مسترد : سنجے راوت
ممبئی ۔24اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) شیو سینا قائد سنجے راوت نے کہا کہ مہاراشٹرا میں ان کی پارٹی اور بی جے پی حکومت تشکیل دیں گے اور دونوں جماعتیں حکومت میں 50فیصد حصہ داری کے ماقبل کئے گئے فیصلہ پر برقرار رہیں گے ۔ انہوں نے تشکیل حکومت کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ شیوسینا کے ہاتھ ملانے کے امکانات کو مسترد کردیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے راوت نے کہا کہ بی جے پی اور شیوسینا ہی حکومت تشکیل دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے اتحاد کے ساتھ ہی شیو سینا نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیاہ ے اور اس اتحاد کے ساتھ وہ حکومت قائم کریں گے ۔ حکومت میں 50 فیصد حصہ داری کے طئے شدہ فیصلہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ شیو سینا صدر ادھو ٹھاکرے اور چیف منسٹر دیویندر فرڈنویس اس فارمولے پر عمل آوری کیلئے بات چیت کریں گے ۔ کانگریس اور این سی پی نے 2014ء کے انتخابات کے مقابلہ میں اس مرتبہ بہتر مظاہرہ کیا ہے جس پر اپنا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کو بھی مستحکم ہونے کی ضرورت ہے ۔ این سی پی سربراہ شرد پوار اپنے تجربات کو استعمال کررہے ہیں اور ریاست کے بعض حصوں میں عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو بھی کامیاب کیا ہے ۔