لاتور اور ناندیڑ میں انتخابی مہم، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کا تاثر
حیدرآباد ۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) صدرنشین ریاستی تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ مہاراشٹرا میں انڈیا اتحاد جماعتیں 160 سے زیادہ اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دیں گے۔ این ڈی اے حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوگئی ہے۔ عوام کانگریس، شردپوار این سی پی، ادے ٹھاکرے کی شیوسینا پر بھرپور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا کانگریس امور کے انچارج رمیش چنتلا کی ہدایت پر صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی اضلاع ناندیڑ اور لاتور کے مختلف اسمبلی حلقوں میں کانگریس پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹرا کے عوام این ڈی اے اتحاد حکومت سے عاجز آچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ انڈیا اتحاد کی جماعتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا میں عوامی رجحان تبدیل ہوگیا۔ مرکز میں این ڈی اے اور مہاراشٹرا میں این ڈی اے کی حکومت ہونے کے باوجود مہاراشٹرا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ مہاراشٹرا کے ترقیاتی پراجکٹس جس سے نوجوانوں کو روزگار مل سکتا تھا، ان پر اجکٹس کو گجرات منتقل کردیا گیا ہے، جس سے مہاراشٹرا کا نوجوان طبقہ شنڈے حکومت سے بہت زیادہ ناراض ہیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے این سی پی اور شیوسینا میں بھی پھوٹ ڈال دی گئی ہے جس پر بھی مقامی عوام برہم ہیں۔ شردپوار کی (این سی پی) ادئے ٹھاکرے کی (شیوسینا) کو عوام کی ہمدردی حاصل ہورہی ہے۔ کانگریس پارٹی بالخصوص راہول گاندھی سے مہاراشٹرا کے عوام کو امیدیں وابستہ ہیں جس طرح پارلیمنٹ کے انتخابات میں مہاراشٹرا میں انڈیا اتحادکو کامیابی حاصل ہوئی ہے، اس سے زیادہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ ہر طرف تبدیلی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا وہ 12 نومبر سے مہاراشٹرا میں ہے۔ 18 نومبر تک رہیں گے۔ سچن پائلیٹ، اتم کمار ریڈی، سریش شٹکار، محمد علی شبیر کے ساتھ مختلف اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم چلا چکے ہیں۔ اس علاقے میں انتخابی مہم چلانے کیلئے چیف منسٹر اے تلنگانہ 17 نومبر کو پہنچ رہے ہیں۔ ایک جلسہ عام سے راہول گاندھی کے علاوہ کانگریس کے سرکردہ قائدین بھی خطاب کرچکے ہیں۔2