ممبئی 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے آج کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تاہم یہ تنخواہیں اقساط میں ادا کی جائیں گی تاکہ معاشی صورتحال قابو میں رہے ۔ قبل ازیں دن میں وزیر فینانس اجیت پوار نے کہا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 60 تک کٹوتی کی جائیگی بعد میں انہوں نے بھی واضح کیا تھا کہ مابقی تنخواہ بعد میں ادا کی جائیگی ۔ ایک لائیو ویب کاسٹ میں ادھو ٹھاکرے نے ڈاکٹرس اور پولیس محکمہ کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ انہوںنے کہا کہ کسی کی تنخواہ میں کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی بحران کا اندیشہ ہے ۔ حالات کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کیلئے تنخواہوں اقساط میں ادا کی جائیں گی تاہم ان میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی ۔