مہاراشٹرا میں جئے شری رام کا نعرہ نہ لگانے پر زدوکوب

   

اورنگ آباد 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص کو مبینہ طور پر نامعلوم افراد کے ایک گروپ نے جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور اس سے انکار پر اُسے بُری طرح زدوکوب کیا۔ پولیس کے بموجب ہوٹل کے ایک ملازم عمران اسمٰعیل پٹیل نے اپنی شکایت میں ادعا کیا ہے کہ غنڈوں کے ایک گروپ نے اُسے بیگم پورہ علاقہ میں ہڈکو کے موڑ کے مقام پر روکا جبکہ وہ اپنی موٹر سائیکل پر علی الصبح گھر واپس جارہا تھا۔ اُنھوں نے اُسے جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا اور انکار پر زدوکوب کیا۔ ایک شخص گنیش اور اُس کے ارکان خاندان اُس کو گڑبڑ کی آواز سن کر بچانے کے لئے دوڑے اور اُس کی جان بچالی۔ پولیس انسپکٹر مدھوکر ساونت نے کہاکہ تحقیقات جاری ہیں اور شکایت کی جانچ کی جارہی ہے۔ قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 153A کے تحت (دو مختلف مذہبی گروپس کے درمیان نفرت پھیلانا ) اور دفعہ 144 (غیر قانونی اجتماع) کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ پولیس عہدیدار کے بموجب اقلیتی طبقہ کے افراد کا راستہ روکنے اور اُنھیں جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کرنے کے واقعات میں ملک کے مختلف علاقوں سے بشمول تھانے (مہاراشٹرا) سے حال ہی میں اطلاعات وصول ہوئی ہیں۔