مہاراشٹرا میں خود ساختہ ’بھگوان‘ (سوامی) پر خاتون سےزیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام، مقدمہ درج

   

ممبئی : /27 مارچ (ایجنسیز) مہاراشٹرا کے ضلع پالگھر میں ایک خود ساختہ ہندو سوامی جو خود کو بھگوا ظاہر کرتا تھا کے خلاف 35 سالہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے خود کو بھگوان شیو کا اوتار ظاہر کر کے خاتون کو دھوکہ دیا۔ میڈیاکے مطابق متاثرہ خاتون نے حال ہی میں ناسک میں ایک اور خود ساختہ بابا اشوک کھرات کی گرفتاری کے بعد ہمت کرتے ہوئے شکایت درج کروائی۔ ملزم کی شناخت 40 سالہ ریشیکیش ویدیا کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون، جو پونے کی رہائشی ہے 2023 میں فیس بک کے ذریعے ملزم کے رابطے میں آئی۔ دسمبر میں ملزم اس سے ملنے پونے آیا اور مبینہ طور پر خود کو مہادیو (بھگوان شیو) کا اوتار اور خاتون کو اپنی پاروتی قرار دے کر اسے دھوکہ دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم خاتون کو پونے کے مانجری علاقہ میں ایک لاج میں لے گیا جہاں اس نے مبینہ طور پر اسے نشہ آور مادہ دیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس دوران اس نے خاتون کی بغیر اجازت تصاویر بھی بنائیں اورانہی تصاویر کے ذریعے اسے بلیک میل کرتا رہا۔ ۔ خاتون نے بتا یا کہ ملزم پالگھر میں ایک سماجی تنظیم چلاتا ہے۔ گزشتہ سال مئی میں اس نے اسے وسئی کے ایک ہوٹل میں بلایا اور دوبارہ زیادتی کی کوشش کی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم نے اسی طریقہ کار کے ذریعہ کئی دیگر خواتین کو بھی اپنی جھانسے میں لے کر ان کاجنسی استحصال کیا۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔