مہاراشٹرا میں رات کا کرفیو،ہفتہ کے آخری ایام لاک ڈاؤن

,

   

Ferty9 Clinic

کورونا سے متاثرہ ریاستوں میں بڑا مشن شروع کرنے کی ضرورت، وزیراعظم کا جائزہ اجلاس

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے ملک کی 10 ریاستوں میں کوروناوائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو تشویشناک صورتحال کا نوٹ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس سے شدید متاثر ریاستوں میں بڑے مشن کے ساتھ کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ وبا کی صورتحال اور ملک بھر میں ویکسین پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ مطلوب اقدامات کو فوری روبہ عمل لائیں۔ یہ وبا گذشتہ 15 مہینے سے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھی ہے اور کیسوں میں مزید تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اسی دوران حکومت مہاراشٹرا نے ریاست میں رات کے کرفیو کے بشمول کئی نئی تحدیدات کا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کے آخری ایام میں سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔ جمعہ 8 بجے شام سے پیر کی صبح 7 بجے تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ مہاراشٹرا میں کوروناوائرس کے کیسوں میں غیرمعمولی اضافہ کے بعد رات کے کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ دن بھر 5 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی۔ مالس، ریسٹورنٹس، شراب خانے اور مذہبی عبادتگاہیں بند رہیں گی۔ ہوم ڈیلیوری اور ضروری خدمات کی اجازت ہوگی۔ صنعتی اور تعمیری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے زور دیکر کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وبا پر قابو پانے عوام کا سرگرم ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے 5 حکمت عملیوں ٹسٹنگ، ڈریسنگ، ٹریٹمنٹ، کوویڈ سے نہ صرف نمٹنے اور ویکسینیشن پر زور دیا۔