نئی دہلی: راجیہ سبھا میں منگل کو مہاراشٹر میں بارش اور سیلاب سے متاثر افراد اور شہروں کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔بی جے پی کی ڈاکٹر میدھا وشرام کلکرنی نے وقفہ صفر کے دوران اسپیکر کی اجازت سے اٹھائے گئے معاملات’ کے تحت مہاراشٹر میں غیر معمولی بارش اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی، پنے ، ستارا، باڑہ اور دیگر علاقوں کو غیر معمولی بارش کی وجہ سے سیلاب کا سامنا ہے ۔ لوگوں نے اپنے گھر والوں کو کھودیا ہے اور شہروں کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے ۔ متاثرہ افراد کی خصوصی مدد کی جائے اور شہروں میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے مالی مدد بھی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا انفراسٹرکچر بنایا جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔کانگریس کے وویک تنکھا نے ملک میں نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کی کتابوں کی قلت کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ نیا تدریسی سیشن اپریل میں شروع ہوا ہے ، جبکہ طلباء کو ابھی تک کتابیں نہیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد ملک کے دور دراز علاقوں کے طلباء تک کتابیں پہنچائی جائیں۔