مہاراشٹرا میں شیوسینا کو این سی پی کی تائید، کانگریس کو فیصلہ کن موقف

   

آدتیہ ٹھاکرے کو غیر بی جے پی حکومت کا چیف منسٹر بنانے شیوسینا ارکان کا فیصلہ ،متبادل کی فراہمی اہم ذمہ داری، نواب ملک کا ادعا
ممبئی 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں 44 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ چوتھے مقام کی حامل کانگریس پارٹی کو اس ریاست میں اب ایک غیر بی جے پی حکومت کے قیام کے ضمن میں کلیدی موقف حاصل ہوگیا ہے۔ شیوسینا اپنی دیرینہ حلیف بی جے پی سے قطع تعلق کرتے ہوئے اپنی حکومت کے قیام کے عہد پر قائم ہے۔ اس زعفرانی جماعت نے کہا ہے کہ تائید کے لئے وہ کانگریس اور این سی پی سے باضابطہ اعلان کا انتظار کررہی ہے۔ بی جے پی اس ریاست کی 288 رکنی اسمبلی میں 105 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھری ہے اور اکثریت کے لئے ارکان کی درکار تعداد کی تائید نہ ہونے کے سبب تشکیل حکومت کا ادعا پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے 56 ارکان کے ساتھ دوسری بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھرنے والی شیوسینا کو تشکیل حکومت کے لئے مدعو کیا ہے۔ دو حلیفوں کے درمیان تعطل کے سبب اپوزیشن کی دو حلیفوں کانگریس اور شیوسینا کو غیر معمولی طور پر نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ کانگریس کے 44 سے 10 زیادہ یعنی 54 نشستیں این سی پی کو حاصل ہوئی ہیں۔ کانگریس کے ساتھ اس کی ماقبل انتخابات مفاہمت برقرار ہے۔ چنانچہ سونیا گاندھی کے زیرقیادت کانگریس سے باضابطہ مراسلہ موصول ہونے کے بعد ہی وہ ریاست میں کسی ’غیر بی جے پی‘ حکومت کے قیام کے ضمن میں اپنے فیصلہ کا اعلان کرسکتی ہے۔ شیوسینا کے ایک رکن اسمبلی پرتاپ سرنائیک نے کہاکہ ’تشکیل حکومت کا ادعا پیش کرنے کے لئے پارٹی کی تجویز کی ہمارے تمام ارکان نے تائید کی ہے لیکن ہماری تائید سے متعلق کانگریس اور این سی پی کے باضابطہ مراسلہ کی وصولی کا انتظار کیا جارہا ہے‘۔ این سی پی کے اعلیٰ ترجمان نواب ملک نے کہاکہ ’ہم تمام کی ذمہ داری ہے ریاست کے عوام کے حالات کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایک متبادل فراہم کیا جائے‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’کانگریس سے مکتوب کی وصولی کے بعد مشترکہ طور پر فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا‘۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور مہاراشٹرا کے انچارج ملکارجن کھرگے نے نئی دہلی میں کہاکہ مہاراشٹرا میں متبادل کی فراہمی کے امکان پر ان کی پارٹی اس ریاست کے چند سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کرے گی۔ واضح رہے کہ 13 ویں مہاراشٹرا اسمبلی کی میعاد ہفتہ کو ختم ہوچکی ہے۔ شیوسینا پیر کی شام 7.30 بجے تک اپنا ادعا پیش کرنے کا وقت ہے۔