مہاراشٹرا میں شیوسینا کی حکومت ہوگی :ادھو

,

   

کانگریس اور این سی پی کی تائید کا امکان ، 170 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ

ممبئی ۔ /3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج کہا کہ وہ این سی پی اور کانگریس کے ساتھ ملکر حکومت بناسکتی ہے ۔ مہاراشٹرا میں چیف منسٹر عہدہ کیلئے اگر بی جے پی نے شیوسینا کے مطالبہ کو قبول نہیں کیا تو کانگریس اور این سی پی سے اتحاد کرتے ہوئے تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کیا جائے گا۔ شیوسینا نے مزید کہا کہ اگر اس کے بغیر بی جے پی نے حکومت بنانے کا دعویٰ کیا تو وہ اکثریتی ثابت نہیں کرسکے گی ۔ شیوسینا نے بی جے پی سے واضح طور پر کہا ہے کہ کابینی قراردادوں کی تقسیم کو مساوی طور پر کیا جائے ۔ تشکیل حکومت کے مسئلہ پر بی جے پی اور شیوسینا میں جاری رشہ کشی کے درمیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی این سی پی لیڈر اجیت پوار کے پاس شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے پیغام بھیجا ہے ۔ اجیت پوار نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہیں سنجے راوت کا پیغام موصول ہوا ہے ۔ اسی دوران مہاراشٹرا کی 288 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 105 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ شیوسینا کو 56 نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔ رام داس اٹھاولے نے کہا کہ تشکیل حکومت کیلئے گورنر کے پاس 7 نومبر تک کا وقت ہے ۔ گورنر کسی بھی پارٹی کی جانب سے حکومت تشکیل دیئے جانے کے دعویٰ کا انتظار کریں گے ۔ مرکزی وزیر اور آر پی آئی کے صدر رام داس اٹھاولے نے بتایا کہ گورنر بھگت سنگھ اس سلسلے میں سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کریں گے ۔