مہاراشٹرا میں شیو سینا زیر قیادت مخلوط حکومت کے خلاف سازش:ملوروی

   

حیدرآباد۔/22 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مہاراشٹرا کی مخلوط حکومت میں بحران کیلئے بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ جمہوریت کو تباہ کرنے کیلئے بی جے پی قیادت ذمہ دار ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملوروی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا میں عوامی منتخبہ حکومت کو زوال سے دوچار کرنے کی سازش کی گئی ہے جس کے تحت شیو سینا کے ارکان کو بغاوت کیلئے اُکسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی منتخب حکومتوں کو غیر مستحکم کرنا دراصل ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ مختلف عہدوں اور دولت کا لالچ دے کر شیو سینا ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے ترغیب دی جارہی ہے۔ 2014 کے بعد سے کئی ریاستوں میں یہ کھیل کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کی تمام ریاستوں میں صرف اپنا اقتدار دیکھنا چاہتی ہے جو ممکن نہیں ہے۔ غیر بی جے پی حکومتوں کے خلاف مسلسل سازش کی جارہی ہے۔ ر

سابق میں مدھیہ پردیش، گوا ، آسام، کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں اپوزیشن کی حکومتوں کو غیر مستحکم کیا گیا۔ ملو روی نے کہا کہ اگر بی جے پی نے اپنی روش تبدیل نہیں کی تو عوامی بغاوت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ر