مہاراشٹرا میں غیر موسمی بارش سے تین افراد کی موت

   

چھترپتی سمبھاجی نگر : مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں بے موسمی بارش اور بجلی گرنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ آج مختلف مقامات سے موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ کل بارش کے دوران بجلی گرنے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ اس دوران کئی جانور بھی مارے جا چکے ہیں۔ ہنگولی ضلع میں ہفتہ کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ زبردست غیر موسمی بارش ہوئی۔ اس بے موسمی بارش سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ ہنگولی ضلع کے اوندھا تعلقہ کے بورگاؤں شیوارا میں بجلی گرنے سے ایک کسان کی موت ہو گئی۔ متوفی کی شناخت پیراجی وٹھل چوان کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ واقعہ کل شام اس وقت پیش آیا جب کسان کھیت سے نکالی گئی ہلدی کو ٹریکٹر میں بھر رہا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اوندھا تعلقہ میں بجلی گرنے سے ایک بیل اور ایک گائے کی بھی موت ہو گئی۔ پربھنی ضلع کے مناوات تعلقہ کے مناواڈگاؤں گاؤں میں 60 سالہ خاتون اندومتی ہونڈے کی کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی موت ہو گئی۔