ممبئی : مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے اتوار کے روز کہا کہ وہ ریاست میں کسی تازہ لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں ہیں اور نہ ہی شبینہ کرفیو (رات کا کرفیو) کو مسلط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں حالانکہ کرونا وائرس پر ، مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے لیکن حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہے ۔کرونا وائرس ؛ میٹرو کار شیڈ سمیت دیگر موضوعات پر منعقدہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی ٹھاکرے نے عوام کو ہدایت دی کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اگلے چھ ماہ تک ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ٹھاکرے نے کہا ، “روک تھام علاج سے بہتر ہے ۔ عوامی مقامات پر ماسک پہننا کم سے کم چھ ماہ تک عادت بنانا چاہئے ۔”واضح رہیکہ 22 نومبر کو اودھو ٹھاکرے نے ریاست کے عوام سے خطاب کرتے کرتے ہوے کرونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوے عوام کو متنبہ کیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ اگر حالات قابو میں نہہں آے تو ریاست کو دوبارہ لاک ڈاون کا سامنا کرنا پڑسکتاہے ۔ تازہ صورتحال کے مطابق آج مہاراشٹرا میں 3940 تازہ کوویڈ کیسز کا اندراج ہوا جس کے سبب ، کرونا متاثرین کی کل تعداد 1892707 ہوگئی جبکہ ریاست میں بھی دن میں وبائی امراض کی وجہ سے 74 اموات کی اطلاع ملی ہے ، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 48648 ہوگئی ہے ۔ دریں اثنا ، ممبئی شہر میں 632 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، جنہوں نے اس کے معاملے کی تعداد 286264 کردی ، جبکہ اس کی ہلاکتوں کی تعداد 9 نئے اموات کے ساتھ 10980 ہوگئی۔ ریاست نے اب تک 12059235 ٹیسٹ کرائے ہیں۔