ممبئی، 17 جون (یو این آئی) مہاراشٹرا کی چیف سکریٹری سجاتا سونک نے پونے میں کنڈمالا پل گرنے سے چار افراد کی ہلاکت سمیت حالیہ مہلک حادثات کے بعد ریاست بھر میں مانسون کے دوران سیاحوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف سکریٹری نے تمام خطرناک سیاحتی مقامات کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات پر واضح انتباہی سائن بورڈز لگائے جائیں اور حفاظتی انتظامات مکمل ہونے تک انہیں بند رکھا جائے ۔سونک نے زور دے کر کہا کہ مانسون میں سیاحوں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو مکمل چوکنا رہنا ہوگا، خصوصاً پونے ڈویژن جہاں سیاحوں کا رجحان زیادہ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں بھی ضروری ہو، حفاظتی اقدامات بڑھانے کے ساتھ ساتھ عارضی پابندیاں بھی لگائی جائیں۔ سیاحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، ورنہ لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔