ممبئی، شولاپور اور اورنگ آباد میں بسوں پر سنگباری، تجارتی اور تعلیمی ادارے حسب معمول کھلے رہے
ممبئی ؍ شولاپور ؍ پونے 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں دلت قائد پرکاش امبیڈکر کی پارٹی نے سی ایاے اور این آر سی کی مخالفت میں ریاست گیر بند کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بسوں پر سنگباری کے اکا دکا واقعات کے سوائے حالات پُرسکون رہے اور عام زندگی معمول کے مطابق جاری رہی۔ ونچت بہوجن اگھاڑی (VBA) نے سی اے اے اور مجوزہ این پی آر اور معاشی سست روی کے خلاف جمعہ کے روز ریاست بند کا اعلان کیا تھا۔ پرکاش امبیڈکر نے ادعا کیاکہ جمعرات کی شب کو وی بی اے کے زائداز 150 ورکرس کو حراست میں لیا گیا۔ ممبئی کے مشرقی مضافات چمبور میں بیسٹ بس کا ایک ڈرائیور ولاس دبھاڑے نامعلوم اشرار کی سنگباری میں زخمی ہوگیا۔ بس چمبور سے کرلا جارہی تھی کہ یہ واقعہ صبح 9.15 بجے پیش آیا۔ بیسٹ (BEST) کے ترجمان نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ڈرائیور کو فوری طور پر گوونڈی میں واقع شتابدی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جہاں اُس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے جبکہ مسافروں کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ سنٹرل اور ویسٹرن ریلویز کی لوکل ٹرینیں اور طویل مسافت کی ٹرین خدمات بھی غیر متاثر رہیں جبکہ پروازیں، مونو ریل، ٹیکسی اور آٹو رکشا خدمات بھی بدستور جاری رہیں۔ ٹیکسی یونین کے قائد نے بتایا کہ کسی نے بھی ٹیکسی خدمات میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ دریں اثناء ایک ریلوے عہدیدار نے بتایا کہ تمام ریلوے اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شولاپور اور اورنگ آباد میں بھی بسوں پر سنگباری کے اکا دکا واقعات کی اطلاع ہے۔ شولاپور میں بدھوار پیٹھ کے قریب دو نامعلوم افراد نے ایک سٹی بس پر سنگباری کی جس سے بس کا ونڈ شیلڈ چکنا چور ہوگیا۔ اورنگ آباد میں پولیس نے بتایا کہ ایک بس کو سنگباری کا نشانہ بنایا گیا جس سے بس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پونے اور احمد نگر ڈسٹرکٹ میں بھی بند متاثرکن نہیں رہا۔ پبلک ٹرانسپورٹ پر بند کا کوئی اثر نہیں دیکھا گیا جبکہ تجارتی اور تعلیمی ادارے حسب معمول کھلے رہے۔