چھترپتی سمبھاج نگر: مہاراشٹرا میں ریزرویشن کے لئے مراٹھا تحریک کی حمایت کرتے ہوئے مسلم کمیونٹی کے لیڈروں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہاراشٹرا حکومت سے ان کی کمیونٹی کو ریزرویشن دے ۔اس سلسلے میں سرکردہ مسلمانوں کے ایک وفد نے پیر کو ڈیویژنل کمشنر کے ذریعے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو ایک میمورنڈم سونپا۔اس وفد میں سابق کارپوریٹر اور کانگریس لیڈر محسن احمد سمیت مسلم کمیونٹی کے سرکردہ لوگ شامل تھے ۔انہوں نے ریاست میں مسلم کمیونٹی کی معاشی اور سماجی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ رنگناتھ مشرا کمیشن اور سچر کمیٹی کی سفارشات کے مطابق مسلمانوں کو بھی ریزرویشن دیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ پچھلی حکومت نے مسلم کمیونٹی کو ریزرویشن دیا تھا اور یہاں تک کہ بامبے ہائی کورٹ نے بھی تعلیم میں ریزرویشن کی ضرورت کو قبول کیا تھا۔
احمد نے مراٹھا کمیونٹی کے ریزرویشن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا مطالبہ ہے کہ ریاستی حکومت مسلم سماج کو تعلیم اور نوکریوں میں ریزرویشن دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ مہاراشٹرا کے سرکردہ عوامی نمائندوں، سینئر سماجی کارکنوں، والدین اور تعلیمی اداروں نے کہا ہے کہ جب تک مسلم کمیونٹی کو انصاف نہیں مل جاتا وہ جمہوری طریقے سے احتجاج جاری رکھیں گے ۔