مہاراشٹرا میں نئی حکومت تشکیل دینے بی جے پی منظر پر آگئی

,

   

باغی شیوسینا لیڈر شنڈے کیمپ کی عنقریب ممبئی واپسی۔ٹھاکرے حکومت کا کل جمعرات کو فلور ٹسٹ متوقع
گورنر کوشیاری سے اپوزیشن لیڈر فڈنویس کی ملاقات

گوہاٹی/ممبئی : مہاراشٹرا میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان باغی ممبرانِ اسمبلی کی قیادت کر رہے ایکناتھ شنڈے نے منگل کو بڑا اعلان کیا ہے۔انہوں نے گوہاٹی میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی ممبئی واپس آئیں گے جبکہ ممبئی میں اپوزیشن بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے راج بھون میں ملاقات کی اور کہاکہ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کی حکومت ایوان اسمبلی میں اپنی اکثریت کھوچکی ہے۔ فڈنویس نے گورنر سے ملاقات سے قبل مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور صدر بی جے پی جے پی نڈا سے ملاقات کرلی تھی۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹرا میں جاریہ سیاسی بحران کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنی حکومت تشکیل دینا چاہتی ہے۔ ایوان اسمبلی میں بی جے پی 106 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے۔ اس دوران شنڈے نے شیو سینا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اپنیگروپ کے 20 ایم ایل ایز کے نام بتانے چاہیے۔اہم بات یہ ہے کہ منگل کو باغی لیڈر ایکناتھ شنڈے کو گوہاٹی کے لکژری ہوٹل کے باہر دیکھا گیا۔ شنڈے نے کہا کہ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے کو ان ایم ایل ایز کے ناموں کا انکشاف کرنا چاہیے جو ان کے رابطے میں ہیں۔شنڈے نے ہوٹل کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت میں دعویٰ کیاکہ انہیں 50 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔شیو سینا کے لیڈر یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ گوہاٹی ہوٹل میں شنڈے کے ساتھ ٹھہرے ہوئے پارٹی کے تقریباً 20 ایم ایل ایز ان کے رابطے میں ہیں اور وہ مہاراشٹرا واپس ہونا چاہتے ہیں۔شنڈے نے کہا کہ یہاں کسی ایم ایل اے کو زبردستی نہیں لایا گیا ہے۔ تمام اراکین اسمبلی خوش ہیں۔اگر شیو سینا کہتی ہے کہ یہاں موجود ایم ایل ایز ان کے رابطے ہیں تو انہیں ان کے نام ظاہر کرنے چاہئے۔شنڈے نے دعویٰ کیاکہ یہاں موجود ایم ایل ایزمخصوص نظریات ہندتوا کے تحفظ اور اس کے احیاء کے پس منظر کے تحت یہاں آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم شیوسینا میں ہیں، شیوسینا میںہی رہیں گے۔ ہم بالا صاحب کے ’ہندوتوا‘ کے نظریات کو آگے لے کر جائیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا قدم آپ کو جلد ہی بتا دیا جائے گا۔اس دوران باغی شیوسینا لیڈر ادے سامنت نے کہا کہ وہ سازشوں کے سبب گوہاٹی آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔