مہاراشٹرا میں ووٹنگ سے قبل بی جے پی لیڈر نے رقم تقسیم کی

,

   

10 لاکھ روپئے برآمد، مقدمہ درج ، شیوسینا و کانگریس قائدین کا شدید ردعمل

ممبئی : مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے 20 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے جبکہ پولنگ سے صرف ایک روز قبل ممبئی کے قریب ویرار کے ایک ہوٹل میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے کو بہوجن وکاس اگھاڑی کے کارکنوں نے گھیر لیا اور ان پر ووٹروں میں نقد رقم تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر کے کمرے سے 9.93 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔واقعہ کے بعد بی جے پی لیڈروں کی ننے ہوٹل میں پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی تاہم الیکشن کمیشن کے حکام نے پریس کانفرنس کو رکوا دیا۔ عہدیداروں کے مطابق ووٹنگ سے ایک دن پہلے پریس کانفرنس کا انعقاد غیر قانونی ہے۔بی وی اے کے رہنما و وسائی ویرار کے رکن اسمبلی ہتیندر ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی لیڈر تاوڑے کو نقدی کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ تاوڑے نے ان الزامات کی تردید کی۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے صدر چندر شیکھر باونکولے نے کہا کہ تاوڑے کی شبیہ کو خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔اسی دوران بی وی اے نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے کارکنوں کو تاوڑے کے بیگ سے ایک ڈائری ملی جس میں نقد رقم کی تقسیم سے متعلق اندراجات موجود ہیں۔ ہتیندر ٹھاکر نے ہوٹل انتظامیہ پر سی سی ٹی وی کیمروں کو بند کردینے کا الزام بھی عائد کیا اور الیکشن کمیشن سے تمام انتظامیہ کے خلاف بھی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔مہاراشٹرا میں چہارشنبہ کو تمام 288 حلقوں میں ووٹنگ ہونے والی ہے جس کیلئے بی جے پی اور مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔ ایسے میں بی جے پی لیڈر کی جانب سے نقد رقم کی تقسیم کے واقعہ سے رائے دہی سے ایک دن قبل مہاراشٹرا میں سیاسی ہلچل دیکھی جارہی ہے۔ اس بات کا خدشہ ہے کہ اس واقعہ کا رائے دہی پر بھی اثر پڑسکتا ہے۔

پیسے اور طاقت کے زور پر الیکشن جیتنے کی کوشش کا بی جے پی پر الزام
ممبئی : شیوسینا (یوبی ٹی) کی لیڈر پرینکا چترویدی نے اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف پیسے اور طاقت کے زورپر الیکشن جیتنے کی کوشش میں لگی ہے، جو کام الیکشن کمیشن کو کرنا چاہئے تھا، وہ عوام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس معاملے میں نوٹس لینا چاہئے۔ الیکشن کمیشن سے متعلق ہمارا بھروسہ ٹوٹ گیا ہے۔دن رات ہمارے لیڈران کے بیگ چیک ہوتے رہے، لیکن کچھ نہیں ملا۔ وہیں بی جے پی لیڈر ونود تاؤڑے کا بیگ چیک نہیں کیا گیا وہ پیسے تقسیم کررہے ہیں۔مہاراشٹرکانگریس کے صدرنانا پٹولے نے کہا کہ انتخابی تشہیربند ہونے کے بعد ونود تاؤڑے وہاں کیا کررہے تھے؟
الیکشن کمیشن کے ضوابط کی انہوں نے خلاف ورزی کی ہے۔بی جے پی نے مہاراشٹرمیں حکومت کو توڑنے کے لئے اراکین اسمبلی کو خریدا تھا، یہ سب کو معلوم ہے۔ اب ہارنے کے ڈر سے وہ مہاراشٹر کے لوگوں کو پیسہ تقسیم کرکے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی کا موقف واضح ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو فوراً ایکشن لینا چاہئے۔