مہاراشٹرا میں ٹائر پھٹنے سے بس اُلٹ گئی، 26 مسافر جھلس کر فوت

,

   

دھماکہ کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ‘8 افرادزخمی
پونے: مہاراشٹر کے بلڈھانہ ضلع میں جمعہ کی دیر رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ ناگپور سے ممبئی کی طرف جارہی بس بلڈھانہ کے سندھ کھیڈ میں راجہ شہر کے نزدیک سمردھی مہامارگ ایکسپریس وے پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے بعد سٹی لنک ٹریولز کی بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ بس مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔ اس حادثے میں 26 مسافروں کی موت ہو گئی ہے۔ فی الحال فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بس میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔بلڈھانہ کے ایس پی سنیل کڑاسین نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق، بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے بعد ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے بعد بس ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد یہ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس سے فوراً آگ لگ گئی۔ لوگوں کو بس سے اترنے کا موقع نہیں مل سکا۔ کسی طرح صرف چند لوگ ہی بس سے باہر نکل سکے۔بلڈھانہ کے ایس پی سنیل کداسینر نے بتایا کہ حادثہ دیر رات تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ حادثے کے وقت بس میں 32 افراد سوار تھے، جن میں سے 26 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ 8 افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ بس کا ڈرائیور محفوظ ہے۔ حادثے کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک متاثر ہو گئی۔اس حادثہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس المناک حادثہ میں مہلوک 26 افراد کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین میں سے ہر ایک کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ دوسری طرف، مہاراشٹر اکے اکولا میں بھی رات دیر گئے ایک بس حادثہ پیش آیا۔ پونے جارہی بس اکولا کے اکوٹ شیگاؤں روڈ پر اچانک الٹ گئی۔ اس حادثے میں 15 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد افراتفری مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سیول ہاسپٹل اور اکولا کے پرائیویٹ ہاسپٹل میں داخل کرایا۔
رفتار کی حد پر سخت قوانین کی ضرورت: پاٹل
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ریاستی صدر اور آبی وسائل کے سابق وزیر جینت پاٹل نے ہفتہ کو کہا کہ سمردھی ایکسپریس ہائی وے پر اکثر حادثات ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں، جس سے حکومت کو نظم و ضبط برقرار رکھنے اور رفتار کی حد کو سخت کرنے کے لئے قوانین بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

صدر و نائب صدر جمہوریہ مہاراشٹرا بس حادثہ پر رنجیدہ
نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مورمو،نائب صدر جگدیپ دھنکھڑاور مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو مہاراشٹر بلڈھانہ ضلع میں ہوئے سڑک حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مورمو نے ٹوئیٹ کرکے اپنے تعزیتی پیغام میں ،مہاراشٹر کے بلڈھانہ میں دل دہلانے دینے والے سانحہ میں بچوںاور خواتین سمیت کئی انمول زندگیوںکو ختم ہونا بے حد پریشان کرنے والا ہے ۔ سوگوار خاندان کے لئے میری گہری تعزیت ہے ۔ ایشور اس دکھ کو برداشت کرنے کے لئے لواحقین کو حوصلہ دے ۔ میں زخمیوں کو جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتی ہوں۔ دھنکھڑ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر بھی لکھا ، مہاراشٹر کے بلڈھانہ میں ایک افسوس ناک بس حادثہ میں لوگوں کی موت سے گہرا دکھ ہوا ہے ۔ میری تعزیت غم میں ڈوبے خاندان کے ساتھ ہے ۔ اس مشکل وقت میں انہیں طاقت اور تسلی ملے ۔