مہاراشٹرا میں چیف منسٹر بی جے پی کا ہوگا : اجیت پوار

,

   

حلیف جماعتوں کے ڈپٹی چیف منسٹر ہونگے 5 ڈسمبر کو حلف ۔ وزیر اعظم شرکت کرینگے

ممبئی: مہاراشٹرا کا چیف منسٹر بی جے پی کا ہوگا ۔ بی جے پی کی حلیف این سی پی ( اجیت پوار ) کے لیڈر اجیت پوار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ دو حلیف جماعتوں این سی پی اور شیوسینا ( شنڈے ) سے ایک ایک ڈپٹی چیف منسٹر بھی ہوگا ۔ اجیت پوار کی این سی پی ‘ ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا اور بی جے پی پر مشتمل مہایوتی اتحاد کو مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل ہوئی تھی ۔ بی جے پی نے 132 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب سے بڑی پارٹی کا درجہ حاصل کیا تھا ۔ اجیت پوار کی این سی پی نے 41 حلقوں سے اور ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا نے 57 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ تینوں جماعتوں کو مشترکہ طور پر 230 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ اجیت پوار نے کہا کہ دہلی میں مہایوتی قائدین کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ مہایوتی سے حکومت بنائی جائے گی اور چیف منسٹر بی جے پی کا ہوگا ۔ مابقی دونوں جماعتوں سے ڈپٹی چیف منسٹرس لئے جائیں گے ۔ مہایوتی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے میں تاخیر سے متعلق سوال پر مسٹر پوار نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ حکومت سازی میںتاخیر ہوئی ہے ۔ 1999 میںحکومت بنانے میں ایک ماہ کا وقت لگ گیا تھا ۔ مہاراشٹرا اسمبلی کی معیاد 26 نومبر کو ختم ہوگئی تھی ۔ انتخابی نتائج کا اعلان ہوئے چھ دن کا وقت گذر چکا ہے اور بی جے پی نے اب تک اپنی مقننہ پارٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا ہے ۔ تاہم مہاراشٹرا بی جے پی کے صدر چندر شیکھر باونکولے نے آج اعلان کیا کہ مہاراشٹرا میں نئی حکومت کی حلف برداری 5 ڈسمبر کو شام 5 بجے ہوگی ۔ یہ تقریب حلف برداری آزاد میدان پر منعقد ہوگی ۔ مہاراشٹرا بی جے پی سربراہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تقریب حلف برداری میںشرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا ایک ہیں تو سیف کا نعرہ مہاراشٹرا میں کامیابی کی اصل وجہ رہا ہے ۔ جاریہ ہفتے کے اوائل میں سبکدوش چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے کہا تھا کہ وہ بی جے پی کی جانب سے کسی بھی فیصلے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے ۔ اس طرح انہوں نے بھی اشارہ دیا تھا کہ چیف منسٹر بی جے پی کا ہوسکتا ہے ۔ بی جے پی قیادت اور کارکنوں کے مطابق چیف منسٹر کے عہدہ کی دوڑ میں دیویندر فرنویس سب سے آگے ہیں۔