مہاراشٹرا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک ہلاک ، دو زخمی

   

Ferty9 Clinic

مٹ ہوٹ فینانس پر 5 نقاب پوش ڈاکوؤں کا حملہ ، اندھا دھند فائرنگ اور فراری
ناسک ۔ /14 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک صفحہ اول کی سونے کو رہن رکھ کر قرض دینے والی کمپنی میں ناسک کے مقام پر ڈاکوؤں نے اندھادھند فائرنگ کردی جس کے وجہ سے ایک شخص ہلاک اور دیگر دو شدید زخمی ہوگئے ۔ حملہ آوروں کی تعداد 5 تھی اور وہ ہتھیاروں سے مسلح تھے ۔ وہ مقامی دفتر میں زبردست داخل ہوکر اندھادھند فائرنگ کررہے تھے ۔ پولیس کے بموجب یہ واقعہ 11.30 بجے دن پیش آیا اور ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم وہ کوئی قیمتی اشیاء لوٹ کر نہیں لے جاسکے ۔ حملہ آور نقاب پوش تھے اور پستول اور کلہاڑیاں لہراتے ہوئے زبردستی مٹ ہوٹ فینانس میں جو شہر کے قلب میں ایک شاپنگ مال میں واقع ہے داخل ہوئے تھے ۔ اُس وقت کمپنی کے دفتر میں 5 ملازمین اور 8 گاہک موجود تھے ۔ ڈاکوؤں نے ان کے موبائیل فون بھی چھین لئے ۔ ناسک کے کمشنر پولیس وشواس مانگرے پاٹل نے کہا کہ وہ لوگ نقد رقم بھی لوٹ لینا چاہتے تھے ۔ تاہم کمپنی کے ملازمین نے سائرن بجادیا ۔
جس کے بعد ڈاکوؤں نے 5 راؤنڈ گولیاں چلائیں جن میں ایک کمپیوٹر انجنیئر سدگو سیموئیل عمر 32 سال متوطن کیرالا برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ برانچ منیجر چندر شیکھر عمر 64 سال 25 سالہ کیلاش جین فائرنگ سے زخمی ہوئے ۔ انہیں ناسک سیول ہاسپٹل میں داخل کردیا گیا ۔ ڈاکو مقام واردات سے فرار ہوگئے ۔ مانگرے پاٹل نے کہا کہ ایک کھوجی کتا ڈاکوؤں کی تلاشی کیلئے روانہ کیا گیا ہے اور فارنسک ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ ایک ناکہ بندی کارروائی منعقد کی گئی تاکہ ساتھیوں کو گرفتار کیا جاسکے ۔ بعد ازاں ایک مقدمہ اس واقعہ کے سلسلے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف عنبرپولیس اسٹیشن میں تحت دفعہ 396 (ڈکیتی اور قتل) اسلحہ قانون کے تحت درج کیا گیا ہے ۔