ممبئی: اڈانی اسکام معاملہ پر نریندر مودی حکومت کی خاموشی کے خلاف مہاراشٹرا کانگریس پیر کو ایک مورچہ نکال کر راج بھون کا گھیراؤ کرے گی۔مہاراشٹرا ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہیکہ مرکز کی مودی حکومت نے صنعتکار اڈانی پر خصوصی مہربانی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی خاص مہربانی کی وجہ سے ایل آئی سی نے من مانے طریقے سے لوگوں کے کروڑوں روپے اڈانی کی کمپنیوں میں لگائے ہیں۔پٹولے نے کہا کہ اب جب اڈانی گروپ میں مالی گھپلے کے انکشاف سے یہ ثابت ہو گیا ہے تو عوام کی محنت کی کمائی محفوظ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی آمریت کی وجہ سے ملک مالی بحران سے گزر رہا ہے ۔ مودی حکومت نے عوام کا پیسہ اڈانی کو دے کر انہیں مالی بحران میں ڈالنے کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ میں اڈانی گھپلے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن مودی حکومت نے اس پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت بدعنوان اڈانی کی حمایت کررہی ہے ۔ ای ڈی تیسری بار سیسوڈیا کے خلاف کارروائی کررہی ہے ، لیکن ای ڈی کو بی جے پی کے بدعنوان لیڈر نظر نہیں آرہے ہیں۔