عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل، مہاراشٹرا اسمبلی میں ’کالنگ نوٹس‘ کے ذریعہ مباحثہ، N95 ماسک ایکسپورٹ نہ کرنے کا مطالبہ
ممبئی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے پیر کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں اور ریاست میں کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی افواہ سے خوفزدہ نہ ہوں۔ ریاستی اسمبلی میں ایک کالنگ نوٹس کے ذریعہ کئے گئے مباحثہ میں تمام ارکان اسمبلی نے پارٹی وابستگی سے قطع نظر کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اُنھوں نے حکومت مہاراشٹرا سے اپیل کی کہ ہر ممکنہ احتیاطی اقدامات کئے جائیں تاکہ ریاست اور ملک میں اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ مسٹر ٹوپے نے مزید کہاکہ اس سلسلہ میں اُنھوں نے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن سے تفصیلی بات چیت کی ہے جو حالیہ دنوں میں ممبئی کے دورہ پر آئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا میں جن تین مریضوں کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا۔ اُنھیں علاج کے بعد ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا۔ کورونا وائرس کے علاج کے لئے کوئی ٹیکہ نہیں ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ مرض لاعلاج ہے۔ صرف سانس لینے میں تکلیف اور دیگر علامتوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔ ٹوپے نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہاکہ ملک اور نہ ہی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کا کوئی مریض ہے۔ عوام کو بلاوجہ خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر ایوان کے ارکان N95 ماسک کی برآمد روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ ریاست یا ملک میں کوئی ایمرجنسی پیدا ہوگئی تو N95 ماسک کی سب سے زیادہ ضرورت ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کا یہ فرض ہے کہ چین اور کورونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے مہاراشٹرا کے شہریوں کو فوراً وہاں سے واپس لایا جائے۔ ارکان نے یہ جاننا بھی چاہا کہ کورونا وائرس سے صنعتوں پر کیا منفی اثرات ہوں گے اور روزگار اس سے کس حد تک متاثر ہوگا۔ اُنھوں نے ایک اور مطالبہ کیاکہ ممبئی ایرپورٹ پر مسافرین کی انتہائی مؤثر طریقہ سے تھرمل اسکریننگ کی جانی چاہئے۔ مسٹر ٹوپے نے کہاکہ 24 فروری تک ممبئی ایرپورٹ پر 50,091 مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کی گئی جن میں 294 مسافروں کا تعلق مہاراشٹرا سے تھا۔